Saturday, May 18, 2024

نجکاری کمیشن نے ایچ ای سی کی نجکاری میں مبینہ بے ضابطگیوں کی رپورٹ مسترد کردی

نجکاری کمیشن نے ایچ ای سی  کی نجکاری میں مبینہ بے ضابطگیوں کی رپورٹ مسترد کردی
November 8, 2016
اسلام آباد (92نیوز)نجکاری کمیشن نے ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس کی نجکاری میں مبینہ بے ضابطگیوں کی رپورٹ مسترد کردی، سیکریٹری نجکاری کمیشن کہتے ہیں کہ  نجکاری کمیشن نے ایچ ای سی کی نجکاری سے متعلق تمام مقدمات جیت لیے۔  ایچ ای سی کی نجکاری میں کہیں بے ضابطگی نہیں پائی گئی. تفصیلات کےمطابق ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس کی نجکاری میں مبینہ بے ضابطگیوں کا معاملہ تاحال حل نہیں ہوسکا۔ نجکاری کمیشن سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کی طرف سے لگائے گئے الزامات کو تسلیم کرنے سے انکاری ہے۔ نجکاری کمیشن نے ایچ ای سی کی نجکاری کی رپورٹ کو حتمی شکل دے دی ہے۔ سیکریٹری نجکاری کمیشن نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کے الزامات کا جواب دے دیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نجکاری کمیشن ایچ ای سی کی نجکاری سے متعلق تمام مقدمات جیت لیے ہیں۔  ایچ ای سی کی نجکاری میں کہیں بے ضابطگی نہیں پائی گئی۔ نجکاری کمیشن اسلام آباد ہائی کورٹ میں چاراور سپریم کورٹ میں دائر کیا گیا ایک مقدمہ جیت چکا ہے۔ ایچ ای سی کی نجکاری میں حصہ لینے والی کمپنی کارگل ہولڈنگ نے نجکاری کمیشن کے خلاف مقدمات دائر کررکھے تھے ، جو بے بنیاد ثابت ہوئے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چیک باونس ہونے پر نجکاری کمیشن نے کارگل ہولڈنگز کے خلاف مقدمہ درج کررکھا ہے جب کہ کمپنی کی طرف سے جمع کرائے گئے ڈھائی کروڑ روپے بھی ضبط کرلیے گئے ہیں ادھر سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ نے نجکاری کمیشن جوابات کو ماننے سے انکار کردیا ہے۔ کمیٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا کا کہنا ہے کہ کمیٹی کی رپورٹ سیکریٹری نجکاری کے خلاف نہیں تھی بلکہ اس کا مقصد نجکاری کمیشن کو غفلت سے آگاہ کرنا تھا۔ ایچ ای سی کی نجکاری میں مبینہ طور پر کرپشن اور بے ضابطگی پائی گئی تھی، جسے کمیٹی نے پکڑا تھا۔