Tuesday, April 16, 2024

رائیونڈ مارچ : اڈا پلاٹ پر انتظامات مکمل‘ قافلے پہنچنا شروع ہو گئے

رائیونڈ مارچ : اڈا پلاٹ پر انتظامات مکمل‘ قافلے پہنچنا شروع ہو گئے
September 30, 2016
لاہور (92نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے رائیونڈ مارچ کیلئے اڈا پلاٹ پر تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ پی ٹی آئی آج رائیونڈ میں میدان سجانے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔ اڈا پلاٹ پر کرسیاں لگ گئیں اور اسٹیج بھی تیار ہے۔ جلسے میں میوزک کا بھی خاص انتظام کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق رائیونڈ جلسہ کیلئے لاہور کے مختلف علاقوں سے ریلیوں کی صورت میں قافلے پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔ اڈا پلاٹ پر ہر طرف پارٹی پرچموں کی بہار نظر آ رہی ہے۔ کپتان کے کھلاڑی ترانوں کی دھنوں پر رقص بھی کر رہے ہیں۔ ملک کے دشگر شہروں سے بھی قافلے اڈا پلاٹ کی جانب رواں دواں ہیں۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان بھی رات گئے اڈا پلاٹ پہنچے اور جلسہ کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اسٹیج اور خواتین کیلئے بنائے گئے انکلوژر کا خصوصی معائنہ کیا۔ اپنے مختصر خطاب میں عمران خان نے کہا کہ رائیونڈ جلسہ سے تاریخ بنے گی۔ انہوں نے ن لیگ اور دیگر سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کو بھی جلسہ میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ نون لیگ والے بھی جانتے ہیں کہ حکمران کرپٹ ہیں۔ عمران خان نے شہید ہونیوالے فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔ فوج ہر قسم کے بیرونی خطرات سے نمٹنے کیلئے تیار ہے تو اندرونی خطروں کا مقابلہ عوام نے خود کرنا ہے۔ تحریک انصاف کے سربراہ کی آمد پر کارکنوں نے اسٹیج پر چڑھنے کی کوشش کی تو سیڑھی ٹوٹ گئی جسے بعد میں مرمت کر دیا گیا۔