Thursday, March 28, 2024

پیپلزپارٹی عوام کو بتادے کہ وہ وزیراعظم کی حفاظت کرنا چاہتی ہے : شاہ محمود قریشی

پیپلزپارٹی عوام کو بتادے کہ وہ وزیراعظم کی حفاظت کرنا چاہتی ہے : شاہ محمود قریشی
October 23, 2016
اسلام آباد(92نیوز)پی ٹی آئی کے سینئر وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کہ اپوزیشن لیڈر کی گفتگو اور لہجےمیں بدلاؤ کا سیاق و سباق سمجھتے ہیں۔  پیپلز پارٹی نواز شریف کے تحفظ کا فیصلہ کر ہی چکی ہے تو خورشید شاہ کھل کر قوم کو بتائیں۔ تفصیلات کےمطابق قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کے بیان پر ردعمل میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھاکہ حکومت کی جانب سے بات چیت کا اشارہ پانے کے بعد پیپلز پارٹی اپنے اصل کی جانب لوٹ رہی ہے۔ پیپلز پارٹی پانامہ لیکس کی تحقیقات اور احتساب کے ایجنڈے سے دستبردار ہونے کا پورا حق رکھتی ہے۔ پیپلز پارٹی پانامہ پر اپنے پہلے مؤقف سے رجوع کا فیصلہ کر چکی ہے تو یہ بھی اس کا حق ہے مگر اپنے ضمیر کی خلش مٹانے کی خاطر دیگر جماعتوں پر تازیانے برسانا یقیناً نامناسب ہے ۔ شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ سمجھتے تھے کہ قیادت میں تبدیلی کے بعد پیپلز پارٹی یکسوئی سے اپنے وجود کو آلائشوں سے پاک کرے گی مگر دکھائی یہ دیتا ہے کہ یہ جماعت اپنے وجود میں پھیلے ناسور کی پرورش پر بضد ہے۔ پانامہ زدہ حکمرانوں کے پلو سے جو بھی بندھنا چاہے گا صفر ہو جائے گا۔ پانامہ لیکس پر عمران خان اور تحریک انصاف سرخرو ہو چکی ہے.