Friday, April 26, 2024

پیپلزپارٹی کی ریلی‘ کراچی ”جئے بھٹو“ کے نعروں سے گونج اٹھا

پیپلزپارٹی کی ریلی‘ کراچی ”جئے بھٹو“ کے نعروں سے گونج اٹھا
October 16, 2016
کراچی (92نیوز) بڑے شہر میں بڑا سیاسی شو۔ کراچی پیپلزپارٹی کے رنگ میں رنگ گیا۔ جیالے سلام شہداءریلی کو تاریخ ساز بنانے کےلئے تیار ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی آج کراچی میں سلام شہداءریلی نکالنے کی بھرپور تیاریوں میں مصروف ہے۔ ریلی کچھ دیر بعد بلاول ہاوس سے نکلے گی۔ بلاول بھٹو کا کہناہے کہ ”ہم نعرہ ماریں بھٹو کا،ہم پرچم تھامیں بھٹو کا“۔ پیپلزپارٹی کی سلام شہداءریلی میں شرکت کیلئے جیالوں کی بہت بڑی تعداد بلاول ہاوس کے باہر جمع ہو گئی ہے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں سلام شہداءریلی کا آغاز دوپہر بارہ بجے کے بعد کیا جائے گا۔ بلاول بھٹو خصوصی طور پر تیار کردہ بم پروف ٹرک میں سوار ہوکر ریلی کی قیادت کریں گے۔ ریلی بوٹ بیسن سے ایم ٹی خان روڈ اور جناح برج سے ہوتی ہوئی کھارادر جماعت خانہ، ککری گراونڈ اور لی مارکیٹ پہنچے گی جہاں بلاول بھٹو خطاب کریں گے جس کے بعد ریلی رنچھوڑ لائن سے ہوتی ہوئی ایم اے جناح روڈ اور پھر مزارقائد سے خداداد کالونی جائے گی جہاں سے براستہ شاہراہ قائد اور شاہراہ فیصل کارساز پہنچے گی جہاں بلاول بھٹو اہم خطاب کریں گے۔