Sunday, September 8, 2024

پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما جہانگیر بدر خالق حقیقی سے جاملے

پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما جہانگیر بدر خالق حقیقی سے جاملے
November 14, 2016
لاہور (92نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر جہانگیر بدر لاہور میں انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 72 برس تھی۔ تفصیلات کے مطابق پچیس اکتوبر انیس سو چوالیس کو اندرون لاہور آنکھ کھولنے والے جہانگیر بدر نے اوائل عمری سے ہی عوامی مسائل میں دلچسپی لینا شروع کردی تھی۔ کالج پہنچے تو طلباءسیاست میں حصہ لینا شروع کیا۔ پنجاب یونیورسٹی پہنچے تو طلباءیونین کے صدر منتخب ہو گئے۔ ساٹھ کی دہائی میں پاکستان پیپلز پارٹی قائم ہوئی تو جہانگیر بدر ذوالفقارعلی بھٹو سے ملے اور پھر پی پی پی میں شامل ہو گئے۔ وہ پی پی پی میں شامل ہونے والے پہلے طلباءگروپ میں شامل تھے۔ ایوب خان اور یحییٰ خان کی آمریت کے دنوں میں انہوں نے کئی بار گرفتاریاں پیش کیں۔ وہ جنرل ضیاالحق کے دور میں بھی متعدد بار گرفتار کیے گئے۔ سیاسی مصروفیات اور قیدوبند کے باوجود انہوں نے ایم اے اور ایل ایل بی کی ڈگریاں حاصل کیں۔ انہوں نے پی پی پی کے سیکرٹری جنرل سمیت مختلف عہدوں پر کام کیا۔ جہانگیر بدر کئی مرتبہ رکن قومی اسمبلی اور سینیٹر منتخب ہوئے اور بے نظیر بھٹو کی حکومت میں وفاقی وزیر بھی رہے۔ بطور سینیٹر انہوں نے ایوانِ بالا کی مختلف قائمہ کمیٹیوں کے لیے بھی خدمات انجام دیں۔ ان کا نام این آر او سے فائدہ اٹھانے والوں میں شامل رہا اور جب سپریم کورٹ نے این آر او کو کالعدم قرار دیا تو احتساب عدالت نے انہیں بھی پیش ہونے کا حکم دیا۔ ان کا نام اوگرا کے سربراہ توقیرصادق کیس میں بھی لیا گیا۔ وہ عرصے سے عارضہ قلب میں مبتلا تھے۔ اتوار کو انہیں دل کا دورہ پڑنے کے باعث لاہور کے نجی اسپتال میں منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے اور خالق حقیقی سے جاملے۔