Sunday, September 8, 2024

جہانگیر بدر کے انتقال پر پیپلزپارٹی کا تین روزہ سوگ کا اعلان

جہانگیر بدر کے انتقال پر پیپلزپارٹی کا تین روزہ سوگ کا اعلان
November 14, 2016
لاہور (92نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما جہانگیر بدر کے انتقال پر بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف زرداری سمیت کئی رہنماوں کا اظہارِ افسوس۔ پیپلزپارٹی نے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری نے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما جہانگیر بدر کی وفات پر اظہار افسوس کیا ہے۔ ٹویٹر پر اپنے تعزیتی بیان میں آصف زرداری نے لکھا ہے کہ جہانگیر بدر نے پاکستان پیپلزپارٹی کے لیے بھرپور کام کیا اور ضیاءالحق کے دور میں شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے شانہ بشانہ کھڑے رہے اور پیپلز پارٹی کے لیے انہوں نے بڑھ چڑھ کر کام کیا۔ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے بھی اپنے ٹویٹر پیغام میں جہانگیر بدر کی موت پر انتہائی افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے لکھا ہے کہ جہانگیر بدر کے انتقال کا سن کر انہیں صدمہ ہوا ہے۔ بلاول نے لکھا کہ انہوں نے انکل جہانگیر بدر کے بغیر سفر کرنے کا کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا۔ بلاول بھٹو زرداری کی بہن آصفہ بھٹو زرداری نے بھی جہانگیر بدر کی موت پر انتہائی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ٹویٹر پیغام میں لکھا ہے کہ انکل جہانگیر بدر کی موت سے ان کا دل ٹوٹ گیا ہے۔ آصفہ بھٹو زرداری نے انہیں سچا جیالا قرار دیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ جہانگیر بدر ایک کمیٹڈ سیاسی کارکن تھے جس نے سیاست میں اپنا نام بنایا۔ انہوں نے مرحوم کی مغفرت کی دعا بھی کی۔ وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے اپنے ٹویٹر پیغام میں مرحوم کی مغفرت کی دعا کرتے ہوئے کہا ہے کہ جہانگیر بدر کارزارِ سیاست میں متوسط طبقے کی توانا آواز تھے۔ جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ جہانگیر بدر نے طلباءیونین سے پیپلز پارٹی تک اچھے سیاسی ورکر کے طور پر خدمات انجام دیں۔