Friday, April 19, 2024

پوری قوم پاک فوج کے جوانوں کیساتھ کھڑی ہے، وزیراعظم عمران خان

پوری قوم پاک فوج کے جوانوں کیساتھ کھڑی ہے، وزیراعظم عمران خان
February 8, 2022 ویب ڈیسک

نوشکی (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں کہ پوری قوم پاک فوج کے جوانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

نوشکی میں فوجی جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ دہشت گردی کو شکست دینے پر جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ دہشت گردوں کا خاتمہ کرنے والے ہیروز کو سلام پیش کرتا ہوں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں نے دہشتگردوں کو آبادی میں جانے سے روکا، دہشت گردی کےخلاف  جنگ لڑ کر پاک فوج نے ملک کو محفوظ بنایا۔

عمران خان بولے کہ دنیا بھر میں مہنگائی کا طوفان ہے، برطانیہ میں مہنگائی میں 40 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان میں مہنگائی عالمی صورتحال کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کے اگلے مرحلے میں بلوچستان کو سب سے زیادہ فائدہ ہوگا، چین زراعت میں بھی ہماری مدد کرے گا، زراعت کے شعبے میں ترقی سے ملکی برآمدات بڑھیں گی۔ گلگت بلتستان اور قبائلی علاقوں کو وسائل فراہم کریں گے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ کوشش ہے جیسے آمدنی بڑھے لوگوں کی تنخواہیں بڑھائیں۔ وزیراعظم نے ایف سی، رینجرز کی تنخواہوں میں 15 فیصد اضافے کا اعلان بھی کیا۔