Saturday, April 20, 2024

جیل میں ڈالنے سے عمران خان کا قد اور بڑھ جائے گا، اعتزاز احسن

جیل میں ڈالنے سے عمران خان کا قد اور بڑھ جائے گا، اعتزاز احسن
March 19, 2023 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - سینئر قانون دان اعتزاز احسن کہتے ہیں جیل میں ڈالنے سے عمران خان کا قد اور بڑھ جائے گا۔

نائنٹی ٹو نیوز کے پروگرام ’نائٹ ایڈیشن‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن ہوں گے، سپریم کورٹ کے حکم پر کوئی انکار نہیں کر سکتا، الیکشن آگے کیے گئے تو نگراں حکومتیں ذمہ دار ہوں گی۔

میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پولیس زمان پارک پر حملہ کرنے ہی آئی تھی۔ پورے زمان پارک میں آنسو گیس پھیلی ہوئی ہے، سینئر پولیس افسروں کو سوچنا چاہیے یہ رہائشی علاقہ ہے، پولیس نے زمان پارک میں ان کے گھر پر بھی حملہ کیا، پولیس نے ان کا گیٹ توڑا، وہاں مورچہ بنایا ہوا ہے۔

اعتزاز احسن نے کہا سیاست سے ختم کوئی نہیں ہوتا یہ یاد رکھیں، ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی ہوئی کیا پیپلزپارٹی ختم ہو گئی؟ پولیس نے ہمارا گیٹ توڑا، گھر کے اندر داخل ہوئی، میرے گھر میں پولیس کے شیل گرے ہیں۔ یہ کوئی دریائے سندھ میں کچے کے علاقے پر ڈیرہ نہیں ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہم اس تمام معاملے کا ازالہ کرائیں گے، میرے گھر کا کون سا سرچ وارنٹ تھا؟ آئی جی پولیس کو اس پر ایکشن لینا چاہیے، یہ تمام تر معاملہ پرامن طریقے سے بھی ہو سکتا تھا۔

اعتزاز احسن نے مزید کہا کہ چیف جسٹس کو اس تمام تر معاملے پر نوٹس لینا چاہیے، ایک سیاست دان کے خلاف ایسی کارروائی ہو رہی ہے سب کو سوچنا چاہیے۔