Tuesday, April 23, 2024

پولیس زمان پارک میں عمران خان کی رہائش گاہ کا گیٹ توڑ کر اندر داخل، 40 پی ٹی آئی کارکن گرفتار

پولیس زمان پارک میں عمران خان کی رہائش گاہ کا گیٹ توڑ کر اندر داخل، 40 پی ٹی آئی کارکن گرفتار
March 18, 2023 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - زمان پارک میں پولیس کا گرینڈ آپریشن، عمران خان کی رہائش گاہ کا گیٹ توڑ کر اندر داخل ہوگئی۔

زمان پارک میں پولیس کی جانب سے گیٹ، بیریئر اور رکاوٹیں کرین کی مدد سے توڑی گئیں، باہر لگے خیمے اور کیمپ اکھاڑ دیئے گئے، اندر موجود پی ٹی آئی کارکنوں نے پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ کیا، پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج کیا گیا، 40 کے قریب کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق گھر سے 16 رائفلیں برآمد کیں، ابتدائی طور پر یہ اسلحہ سرکاری نظر آرہا ہے، جو بطور وزیراعظم عمران خان کو دیا گیا تھا، عمران خان نے منصب سے ہٹنے کے بعد یہ اسلحہ واپس نہیں کیا تھا۔ کارکنوں سے بھی اسلحہ، پٹرول بم، کنچے اور غلیلیں برآمد ہوئیں، تلاشی کیلئے سرچ وارنٹ کے ساتھ گئے، لیڈی اہلکار بھی ساتھ تھیں، داخلے کی اجازت نہ ملنے پر دروازہ توڑا گیا۔

زمان پارک میں پولیس آپریشن کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر

دوسری جانب زمان پارک لاہور میں پولیس آپریشن کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کردی گئی۔ درخواست فواد چودھری نے ایڈووکیٹ اظہر صدیق کی وساطت سے دائر کی۔ درخواست میں آئی جی پنجاب، ڈی آئی جی آپریشنز اور چیف سیکرٹری کو فریق بنایا گیا۔

مؤقف اپنایا کہ عدالت کے احکامات کی حکم عدولی کی جا رہی ہے، عمران خان کے گھر کے دروازے غیرقانونی طور پر توڑ دیئے گئے، آپریشن  آرٹیکل 23 ،24 ، 09 اور 14 کی خلاف ورزی ہے۔ عدالت ذمہ داروں کیخلاف  توہین عدالت کی کارروائی کرے۔