Friday, May 3, 2024

پولیس نے عمران خان کی گرفتاری کیلئے آپریشن لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر روک دیا

پولیس نے عمران خان کی گرفتاری کیلئے آپریشن لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر روک دیا
March 15, 2023 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - پولیس نے عمران خان کی گرفتاری کیلئے آپریشن لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر روک دیا۔

لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کی گرفتاریاں روکنے کا حکم دینے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے زمان پارک میں پولیس آپریشن کل صبح دس بجے تک روکنے کا حکم دیا تھا۔

جسٹس طارق سلیم نے کہا چاہتے ہیں سیز فائر ہو جائے، پولیس پانچ سو میٹر دور ہٹ جائے، بند راستے بھی کھول دیں، آئی جی نے کہا عدالت کے حکم پر عملدرآمد کرانے کے پابند ہیں، عدالتی فیصلے پر ہی عملدرآمد کیلئے مختلف اضلاع کی فورس لگائی۔

مزید کہا حملے کرنے والوں پر دہشت گردی کے مقدمات کریں گے، غیر مسلح پولیس پر پتھراؤ ہوا، پٹرول بم پھینکے اور گاڑیوں کو آگ لگائی گئی۔

دوسری طرف زمان پارک لاہور میں دوسرے دن بھی پولیس اور کارکنوں میں جھڑپیں ہوتی رہیں، پولیس نے مظاہرین کو روکنے کے لئیے آنسو گیس اور واٹر کینن کا استعمال کیا۔ کارکن پولیس پر پتھروں اور ڈنڈوں سے حملے کرتے رہے۔ جھڑپوں میں پچاس سے زائد اہلکار زخمی ہو گئے، گاڑیوں، درختوں اور املاک کو آگ لگنے سے فضا میں دھواں پھیل گیا جبکہ آنسو گیس کی شیلنگ کے باعث لوگوں کو سانس لینے میں دشواری آرہی تھی۔ علاقے میں بجلی، انٹرنیٹ اور موبائل فون کی سروس بھی متاثر ہوئی۔

پنجاب حکومت کے مطابق پولیس عدالتی حکم پر عملدرآمد کیلئے گئی، غیرمسلح اہلکاروں پر حملے کیے گئے۔