سرگودھا (92 نیوز) - مرغی کا مہنگا گوشت فروخت ہونے کے باوجود پولٹری فارم کی صنعت بحران کا شکار ہوگئی۔ فارمرز کی طرف سے کنٹرول شیڈ بند کرنے کا عندیہ دیا گیا ہے جس سے قیمت پر بھی اثر پڑے گا۔
شہری مرغی کا گوشت مہنگا ہونے کا شکوہ کرتے ہیں تو سرگودھا میں پولٹری فارم مالکان کاروبار میں نقصان کا رونا روتے دکھائی دیتے ہیں۔ مرغی کی مہنگی خوراک، بجلی اور ڈیزل کے بھاری اخراجات، مالکان نے حالات بہتر نہ ہونے پر شیڈز بند کرنے کا عندیہ دے دیا۔
ضلع میں 174 میں سے 34 پولٹری فارمز بند چکے جبکہ دیگر پر بندش کے سائے منڈلا رہے ہیں مگر اس صنعت کا ریلیف دینے کیلئے اقدامات نہیں کئے جا رہے۔ پولٹری فارم مالکان کا کہنا ہے کہ شیڈ پر اوسط ایک کلو مرغی پر 280 روپے خرچ آتا ہے، شیڈ بند ہوئے تو کاربار تباہ اور گوشت مزید مہنگا ہو جائے گا۔
کنٹرول شیڈ مالکان کا کہنا ہے، اس سے پہلے کہ دیر ہو جائے اور وہ کاروبار بند کر کے گھروں میں بیٹھ جائیں، اس کی صنعت کا بچانے کیلئے ریلیف پیکیج کا اعلان کیا جائے۔