Saturday, May 4, 2024

پنجاب میں شدید دھند، موٹرویز بند، لاہور ایئرپورٹ طیاروں کی لینڈنگ کیلئے بند کردیا گیا

پنجاب میں شدید دھند، موٹرویز بند، لاہور ایئرپورٹ طیاروں کی لینڈنگ کیلئے بند کردیا گیا
January 13, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید دھند کا راج ہے، لاہور سے دیگر شہروں کو جانے والی تمام موٹرویز بند کردی گئیں۔ لاہور ایئرپورٹ کو بھی طیاروں کی لینڈنگ کیلئے بند کردیا گیا۔

شدید دھند کے باعث لاہور سے دیگر شہروں کو جانے والی تمام موٹرویز بند کردی گئی ہیں۔ ایم ٹو لاہور سے شیخوپورہ، ایم 3لاہور سے سمندری تک بند کردی گئی، لاہور سیالکوٹ موٹروے لاہور سے سیالکوٹ تک بند کردی گئی۔

دھند کے باعث شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے، موٹروے پولیس کی شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب لاہور ایئرپورٹ کو بھی طیاروں کی لینڈنگ کیلئے بند کردیا گیا۔ ائیرپورٹ پر حد نگاہ 200 میٹر رہ گئی۔ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بیرون اندرون ملک آنے جانے والی چار پروازیں منسوخ کی گئیں، 28 گھنٹوں کی تاخیرکا شکار ہوئی ہیں۔

دھند میں راستے گم ہونے سے سفر دشوارگزار ہوگیا، ٹرینوں کا شیڈول بُری طرح متاثر ہوگیا، ٹرینیں گھنٹوں لیٹ ہوگئیں۔

دھند کی وجہ سے لاہور کے درمیان چلنے والی 15up کراچی ایکسپریس4 گھنٹے 15 منٹ تاخیر کا شکار ہوئی، کراچی براستہ فیصل آباد چلنے والی41up  قراقرم ایکسپریس 3 گھنٹے 40 منٹ تاخیر کا شکار ہوئی۔

پشاور کے درمیان چلنے والی 13up عوام ایکسپریس 2 گھنٹے 50 منٹ تاخیر کا شکار رہی۔ لاہور کے درمیان چلنے والی43up شاہ حسین ایکسپریس 2 گھنٹے 40 منٹ تاخیر کا شکار رہی۔ پشاور کے درمیان چلنے والی 39up جعفر ایکسپریس 2 گھنٹے 30 منٹ تاخیر کا شکار رہی۔