Saturday, April 27, 2024

پنجاب میں غیر جمہوری، غیر قانونی حکومت کا خاتمہ ہوا ،عمران خان

پنجاب میں غیر جمہوری، غیر قانونی حکومت کا خاتمہ ہوا ،عمران خان
July 31, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے پنجاب میں غیر جمہوری، غیر قانونی حکومت کا خاتمہ ہوا۔

عمران خان کے دورہ لاہور کے دوران ایوان وزیر اعلیٰ پہنچنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے استقبال کیا۔ عمران خان اور وزیر اعلیٰ کی ون آن ون ملاقات ہوئی۔ سابق وفاقی وزیر چودھری مونس الہٰی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور پنجاب کے انتظامی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات پر بھی بات چیت کی گئی۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے پنجاب سے سابقہ حکومت کے خاتمے پر وزیر اعلیٰ اور مونس الہٰی کو مبارکباد دی۔ چودھری پرویزالہٰی نے سیاسی وفاداریاں بدلنے والوں کے خلاف مؤقف پر کھڑا رہنے پر عمران خان کی سیاسی بصیرت کو سراہا۔ چیئرمین تحریک انصاف نے پنجاب کے عوام کو ریلیف دینے کیلئے تمام تر کاوشیں بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔

وزیر اعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے کئے گئے حکومتی اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا متاثرین سیلاب کی مدد کے لیے انتظامیہ اور متعلقہ ادارے متحرک ہیں۔ جاں بحق افراد کے لواحقین کو 8، 8 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔

عمران خان کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی گئی۔

چیئرمین پی ٹی آئی سے اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے بھی ملاقات کی۔ شاہ محمود قریشی بھی موجود تھے۔ سینئر رہنما شفقت محمود نے بھی ملاقات کی اور سابقہ حکومت کے انتقامی مقدمات بارے قائم کمیٹی کی رپورٹ پیش کی۔

عمران خان سے ڈاکٹر ثاینہ نشتر اور سابق صوبائی وزیر ہاشم جوان بخت نے بھی ملاقات کی۔ احساس پروگرام کو تیزی سے آگے بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے عمران خان نے ڈاکٹر ثاینہ نشتر کو ذمہ داری سونپ دی۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا سابقہ حکومت نے غریب اور نادار افراد کی فلاح وبہبود کے اس اہم پروگرام کو نظر انداز کیا۔ آئی جی پنجاب پولیس سے ملاقات میں صوبے کی امن امان کی صورتحال پر بات جیت کی گئی۔

 ادھر عمران خان نے ارکان اسمبلی کو الیکشن کی تیاری کا ٹاسک دے دیا۔ لاہور میں ارکان اسمبلی سے ملاقات میں کہا چھ سے 8 ہفتوں میں نئے الیکشن کا بگل بج سکتا ہے۔ الیکشن بھرپور طریقے سے لڑنے کیلئے پارٹی تنظیمیں مکمل کی جائیں۔ پچیس مئی کو جنہوں نے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا قانون اس پر راستہ اختیار کرے گا ۔ مجھے پتہ ہے جن لوگوں نے ہمارے ساتھ دو نمبری کی، سب کے سامنے کسی کا نام نہیں لینا چاہتا۔