Sunday, September 8, 2024

پنجاب میں اومیکرون کیسز میں اضافہ، 24 افراد میں کورونا کی نئی قسم کی تصدیق

پنجاب میں اومیکرون کیسز میں اضافہ، 24 افراد میں کورونا کی نئی قسم کی تصدیق
January 5, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) پنجاب میں اومیکرون کیسز میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا۔ مزید 24 افراد میں کورونا کی نئی قسم کی تصدیق ہو گئی۔

 لاہور میں اومی کرون کیسز کی تعداد 177 ہو گئی، مزید 20 کیسز سامنے آئے۔ کیسز میں اضافے سے مریض بڑھنے لگے۔ لاہور کے سرکاری اسپتالوں کے آئی سی یو میں مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو گیا۔ اسپتالوں کے 13 فیصد مختص وینٹی لیٹرز بھر گئے۔ محکمہ صحت کے مطابق سر گنگا رام اسپتال میں سب سے زیادہ 40 فیصد وینٹی لیٹر پر مریض موجود ہیں۔ میو اسپتال میں 28 فیصد اور سروسز اسپتال میں 6 فیصد وینٹی لیٹر پر مریض موجود ہیں۔ سرکاری اسپتالوں کے 20 فیصد ہائی ڈیپنڈینسی یونٹ کے بستر بھر گئے۔ میو اسپتال کے 41 فیصد، سر گنگا رام اسپتال کے 40 فیصد ہائی ڈیپنڈینسی یونٹ بھر گئے۔ جناح اسپتال 14، سروسز اسپتال 11 فیصد اور لاہور جنرل اسپتال کے 3 فیصد ہائی ڈیپنڈینسی یونٹ پر مریض موجود ہیں۔

لاہور میں ضلعی انتظامیہ نے اومی کرون سے بچنے کے لیے بوسٹر شاٹ لگانے کی مہم شروع کر دی۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے شہری زیادہ سے زیادہ بوسٹر شاٹ لگوائیں۔ شہری سماجی فاصلے اور ماسک کا استعمال کریں۔

 دوسری طرف اسلام آباد میں مزید 27 افراد میں اومی کرون کی تصدیق ہوئی۔ ڈی ایچ او کے مطابق اسلام آباد میں اومی کرون سے متاثرہ افراد کی تعداد 141 ہو گئی۔ اسلام آباد میں پہلا اومی کرون کیس 25 دسمبر کو آیا تھا۔ اومی کرون کا شکار افراد کی اکثریت نے انسداد کرونا ویکسین نہیں لگوائی۔ عوام جلد از جلد اپنی ویکسینیشن مکمل کروائیں۔