Sunday, September 8, 2024

پنجاب میں 23 دسمبر سے بند ہونے والے اسکول کھل گئے

پنجاب میں 23 دسمبر سے بند ہونے والے اسکول کھل گئے
January 7, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) بچوں کی موجیں ختم ہو گئیں۔ اب صرف پڑھائی ہو گی۔

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں موسم سرما کی چھٹیوں کے بعد تعلیمی ادارے ایک بار پھر سے کھل گئے۔ برستی بارش کے باوجود والدین بچوں کو اسکول چھوڑنے آئے۔ کسی نے بارش سے بچنے کیلئے چادر اوڑھ رکھی تھی تو کچھ بچے چھتری تھامے حصول تعلیم کیلئے پہنچے۔ کچھ والدین بارش کی شدت دیکھ کر بچوں کو واپس گھر لے گئے۔

چھٹیوں کے بعد اسکول آنے والے بچوں کا کہنا تھا تعلیم تو حاصل کرنا چاہتے ہیں لیکن سردی کے اس موسم میں چھٹیاں بڑھا دی جاتیں تو اچھا ہوتا۔

ادھر اسکول انتظامیہ کی جانب سے کورونا ایس او پیز پر مکمل طور پر عملدرآمد کیا گیا۔ بچوں کا ٹمپریچر چیک کر کے اسکول داخل ہونے اجازت دی گئی۔ گزشتہ دو روز سے جاری بارش کے بعد تعلیمی اداروں میں حاضری انتہائی کم رہی۔

قبل ازیں پنجاب میں اسکولوں کی موسم سرما تعطیلات میں 20 جنوری تک توسیع کا امکان تھا۔ سردی کی شدت میں اضافے کے باعث محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب کی جانب اسکولوں کی موسم سرما کی چھٹیاں 20 جنوری تک بڑھانے پر غور کیا جارہا تھا۔

واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے اسکولوں میں 23 دسمبر سے 6 جنوری تک موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کیا تھا۔