Thursday, April 18, 2024

پنجاب کے عوام سستا آٹا خریدنے کے لیے دربدر، 15 کلو آٹے کا تھیلا 1500 سے زائد میں فروخت

پنجاب کے عوام سستا آٹا خریدنے کے لیے دربدر، 15 کلو آٹے کا تھیلا 1500 سے زائد میں فروخت
September 18, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - پنجاب کے عوام سستا اور معیاری آٹا خریدنے کے لیے دربدر پھرنے لگے۔ 15 کلو آٹے کا تھیلا 1500 سے زائد میں فروخت ہونے لگا۔

پنجاب میں آٹے کی قلت برقرار، قیمتوں میں اضافہ بھی تھم نہ سکا۔ اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت میں اضافے کے بعد آٹے کی قیمت قابو سے باہر و گئی۔ لاہور کی مارکیٹس میں چکی آٹا 130 روپے فی کلو میں فروخت ہونے لگا۔ شہریوں نے شکوہ کیا مہنگائی کے باعث سبسڈائزڈ آٹا خریدنے پر مجبور ہیں لیکن یہ غیر معیاری ہے۔

اوکاڑہ میں بھی آٹے کا شدید بحران، 80 روپے فی کلو میں ملنے والا آٹا 120 روپے ہو گیا۔ شہریوں کی قطاریں لگ گئیں، نان بائیوں نے بھی 10 روپے میں روٹی فروخت کرنے سے انکار کر دیا۔

قصور میں بھی پنجاب حکومت کا سستا آٹا سکیم بھی لوگوں کے لئے وبال جان بن گئی۔ شہری گھنٹوں قطاروں میں لگنے پر مجبور، چکی آٹا 130 روپے تک فروخت ہونے لگا۔ فلور ملز مالکان نے بھی 15 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت بڑھا 1550 روپے کر دی۔

گوجرانوالہ میں ضلعی انتظامیہ نے بائپاس روڈ پر واقعہ ملز پر چھاپہ مار کے سبسڈائزڈ آٹے کے 700 تھیلے آٹا برآمد کر لیا۔ ڈپٹی کمشنر سائرہ عمر کہتی ہیں ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کیخلاف اینٹی ہورڈنگ ایکٹ کے تحت کارروائی ہو گی۔

ذرائع کے مطابق حکومت روزانہ 17 ہزار 600 ٹن گندم ریلیز کرتی ہے۔ فلور ملز ایسوسی کے مطابق اوپن مارکیٹ میں گندم مہنگی ہونے کی وجہ سے آٹے کی قیمت میں اضافہ ہوا۔