Thursday, May 9, 2024

پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند، پروازیں اور ٹریفک کی روانی متاثر

پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند، پروازیں اور ٹریفک کی روانی متاثر
January 4, 2023 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند، کئی جگہوں پر حد نگاہ کم ہونے پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی۔

دھند کی وجہ سے لاہور ایئرپورٹ پر کئی پروازیں نہ اتر سکیں، ٹرینوں کی آمد و رفت بھی دھند کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہو گئی۔

اوکاڑہ میں قومی شاہراہ پر ٹریلر، ٹرک اور بس میں تصادم کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ تین زخمی ہوگئے۔

موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ پنجاب میں لاہور، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، ساہیوال، بہاولپور، بہاولنگراور ڈیرہ غازی خان میں شدید دھند جاری رہے گی۔ اس کے علاوہ بلوچستان کے بالائی علاقوں میں موسم شدید سرد رہے گا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور خشک رہے گا۔

خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع شدید سرد رہیں گے جبکہ پشاور، نوشہرہ، مردان، صوابی اور ڈی آئی خان میں شدید دھند چھائی رہے گی۔ اس کے علاوہ سندھ میں سکھر، لاڑکانہ اور حیدر آباد بھی دھند کی لپیٹ میں رہیں گے۔

محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ سکردو، استور منفی 11، ہنزہ منفی 9، قلات منفی 8، گلگت منفی 6، کوئٹہ، دیراور۔راولا کوٹ کا درجہ حرارت منفی 5 تک گر گیا ہے۔