Wednesday, April 24, 2024

گرمیوں کی چھٹیاں ختم: پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور اسلام آباد میں پرائیویٹ تعلیمی ادارے کھل گئے

گرمیوں کی چھٹیاں ختم: پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور اسلام آباد میں پرائیویٹ تعلیمی ادارے کھل گئے
August 1, 2022 ویب ڈیسک

لاہور / کراچی (92 نیوز) – طلبہ کی گرمیوں کی چھٹیاں ختم ہوگئیں پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور اسلام آباد میں پرائیویٹ تعلیمی ادارے کھل گئے۔

پنجاب بھر میں موسم گرما کی چھٹیاں ختم ہوئیں تو یکم جون سے دو ماہ کیلئے بند تعلیمی ادارے ایک بار پھر سے کھل گئے۔ کندھوں پر بیگ لٹکائے بچے والدین کے ہمراہ اسکول پہنچے، کچھ بچوں کے چہروں پر خوشی جبکہ کچھ کے چہروں پر اُداسی تھی۔

پنجاب بھر میں آج سے نئے تعلیمی سیشن کا بھی آغاز ہو گیا ہے، وقت کم ہونے کے باوجود اساتذہ پُرعزم ہیں کہتے ہیں بورڈ امتحانات کیلئے بچوں کو بھرپور محنت کروائیں گے۔

اساتذہ کا مزید کہنا ہے ڈینگی وباء کے پیش نظر سکول کھلنے سے پہلے اچھی طرح صفائی ستھرائی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔

اساتذہ کی جانب سے بچوں کو کورونا ایس اوپیز پر عمل درآمد کرنے کی ہدایات کی گئیں ہیں، تاہم چھٹیاں ختم ہونے کے بعد پہلے دن طلبا کی حاضری معمول سے کم رہی۔

کراچی سمیت سندھ بھر تمام سرکاری اور بیشتر نجی اسکول کھل گئے۔ بچے صبح سویرے اسکول پہنچے تو کہیں بوندا باندی ہورہی تھی تو کہیں ہلکی بارش ہوئی۔ بچوں کے چہرے بھی خوشی سے کھلے ہوئے تھے۔

بچوں کا کہنا تھا کہ بہت چھٹیاں کرلیں اب پڑھائی بھی کریں گے اور اپنے دوستوں سے ملاقات بھی ہوگی۔

تاہم کچھ نجی اسکول انتظامیہ نے پندرہ اگست سے اسکول کھولنےکا اعلان کیا۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اگست کے پہلے ہفتے میں تیزبارشوں کی پیشگوئی ہے۔

نو اور دس محرم کو تعطیل ہوگی، چودہ اگست کو بھی اسکول بند ہوتے ہیں۔ اس لئے پندرہ اگست سے ہی اسکول کھولیں گے۔

ادھر گرمیوں کی چھٹیاں ختم ہونے کے بعد جڑوں شہروں راولپنڈی، اسلام آباد کے سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے کھل گئے۔

طلباء وطالبات کی بڑی تعداد سکول کھلنے پر خوش نظر آئی تاہم اسکولوں میں بچوں کی تعداد کم نظر آئی۔

والدین نے شکوہ کیا کہ سیلابی صورتحال اور محرم الحرام کے باعث مزید پندرہ چھٹیاں دی جانی چاہئیں تھیں تاہم اساتذہ کا کہنا تھا اسکولوں کا بروقت کھلنا بچوں کی تعلیم کیلئے بہترہے۔

کچھ بچوں نے گرمیوں کی چھٹیاں اپنے گاؤں بیشترنے گھروں پر ہی گزاریں، کہتے ہیں خوب انجوائے کرلیا، اب امتحان کی تیاری کرنی ہے۔