Saturday, July 27, 2024

پنجاب کے مختلف شہروں میں مون سون کے بادل برس پڑے

پنجاب کے مختلف شہروں میں مون سون کے بادل برس پڑے
August 26, 2023 ویب ڈیسک

ملتان (92 نیوز) - پنجاب کے مختلف شہروں میں مون سون کے بادل برس پڑے۔ ملتان، پتوکی، اوکاڑہ، کبیروالا، چونیاں اور ٹوبہ ٹیک میں بارش نے رنگ جما دیا۔

ملتان شہر اور گرد و نواح میں کالے بادل جم کر برسے، تیز ہواؤں کے بعد ہونے والی موسلا دھار بارش نے گرمی اور حبس کا خاتمہ کر دیا جبکہ موسم سہانا ہونے پر شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔ تاہم بارش شروع ہوتے ہی کئی علاقوں سے بجلی غائب ہو گئی جبکہ نشیبی علاقے زیر آب آنے سے ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔

اوکاڑہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ کالی گھٹاؤں نے رنگ جما دیا۔ پتوکی میں موسلادھار بارش ہوئی۔ کبیروالا میں بارش سے نشیبی علاقے ڈوب گئے۔ چونیاں اور ٹوبہ ٹیک میں بارش کے بعد بجلی غائب

دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کا امکان ہے۔