Thursday, April 25, 2024

پنجاب کابینہ سے منظوری کے بعد نکاح نامے میں ختم نبوت کی شق کا اضافہ

پنجاب کابینہ سے منظوری کے بعد نکاح نامے میں ختم نبوت کی شق کا اضافہ
March 21, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - پنجاب کابینہ سے منظوری کے بعد نکاح نامے میں ختم نبوت کی شق کا اضافہ کر دیا گیا، محکمہ بلدیات پنجاب نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

پنجاب حکومت کا احسن اقدام، پنجاب کابینہ سے منظوری کے بعد نکاح نامے میں ختم نبوت کی شق کا اضافہ کر دیا گیا۔ اس شق کے تحت نکاح سے قبل دلہا دلہن کو ختم نبوت پر ایمان کا حلف اٹھا کر ثابت کرنا ہوگا کہ وہ مسلمان ہیں۔

محکمہ بلدیات پنجاب نے ختم نبوت کی شق کے اضافے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔

نکاح نامے میں ختم نبوت کی شق میں اضافے کا فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب کی سربراہی میں ہونیوالے اجلاس میں کیا گیا تھا۔ پنجاب کابینہ نے مسلم فیملی لاز آرڈیننس 1961 کے تحت ویسٹ پاکستان رولز میں ترمیم کی منظوری دی تھی۔

علماء اکرام نے پنجاب حکومت کے اس اقدام کو سراہا ہے، کہتے ہیں اس قانون کی بہت پہلے سے ضرورت تھی۔

اس سے قبل اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی کی خصوصی کوشوں سے پنجاب اسمبلی سے نکاح نامے میں ختم نبوت کا حلف نامہ شامل کرنیکی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرائی گئی تھی۔