Saturday, August 13, 2022

پنجاب کابینہ کے 21 ارکان نے حلف اٹھا لیا

پنجاب کابینہ کے 21 ارکان نے حلف اٹھا لیا
August 6, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - پنجاب کابینہ نے حلف اٹھا لیا، گورنر بلیغ الرحمٰن نے کابینہ کے 21 ارکان سے حلف لیا۔

حلف برادری کی تقریب گورنر ہاؤس پنجاب میں ہوئی، وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہیٰ بھی تقریب میں موجود تھے، انہوں نے حلف اٹھانے والے صوبائی وزراء کو مبارکباد دی۔

چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ صوبائی وزراء اپنی ذمہ داریاں بطریق احسن نبھائیں گے۔ اُمید ہے کہ صوبائی وزراء عوام کی خدمت کیلئے دن رات ایک کریں گے اور ان کی توقعات پر پورا اتریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزراء عوام کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔ ہمارے اقدامات کا محور غریب عوام کی فلاح ہے۔ عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے ہر ممکن اقدام کریں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے نامزد وزراء کو محکمے الاٹ کر دئیے۔ میاں اسلم اقبال کو ہاوسنگ اینڈ انڈسٹریز، اور علی عباس شاہ کو جنگلات اور، وائلڈ لائف کے محکمے کئ وزارت دی گئی ہے۔ سردار محسن لغاری کو خزانہ، تیمور ملک کو سپورٹس اینڈ کلچر کا محکمہ دیا گیا ہے۔

راجہ بشارت کی وزارت تبدیل کرکے انہیں کواپریٹو اور پروسیکیوشن کا محکمہ دیا گیا ہے۔ راجہ یاسر ہمایوں کو ہائر ایجوکیشن اور انفارمیشن ٹیکنالوجی، عنصر نیازی کو لیبر اور منیب چیمہ کو ٹرانسپورٹ کا محکمہ دیا گیا ہے۔ شہاب الدین کو لائیو سٹاک، مراد راس کو سکول ایجوکیشن اور ڈاکٹر یاسمین راشد کو محکمہ صحت کی وزارت دے دی گئی۔

خرم ورک کو قانون اور پارلیمانی امور، ہاشم ڈوگر کو محکمہ داخلہ اور جیل خانہ جات، آصف نکئی کو ایکسائز کا محکمہ دیا گیا ہے۔ علی ساہی کو کمیونیکیشن اینڈ ورکس، نواب زادہ منصور علی خان کو محکمہ مال، حسین جہانیاں گردیزی کو زراعت، غضنفر عباس چھینہ کو سوشل ویلفیئر کی وزارت دے دی گئی۔

لطیف نذر کو محکمہ مائنز اینڈ منرل ، حسنین بہادر دریشک کو محکمہ توانائی اور خوراک، میاں محمود الرشید کو لوکل گورنمنٹ کا محکمہ دیا گیا ہے۔