Saturday, May 18, 2024

پنجاب حکومت نے سانحہ مری پر 3 رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی

پنجاب حکومت نے سانحہ مری پر 3 رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی
January 8, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) پنجاب حکومت نے سانحہ مری کی تحقیقات کیلئے 3 رکنی کمیٹی قائم کردی۔

ہفتہ کے روز پریس کانفرنس میں ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے کہا کمیٹی تین روز میں رپورٹ وزیراعلیٰ بزدار کو پیش کرے گی۔ چار گاڑیوں میں موجود سیاحوں کی اموات ہوئیں، وجہ تحقیقات کے بعد پتہ چلے گی۔ جاں بحق افراد کی شناخت کی جا رہی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ مری میں برف کے طوفان کی وجہ سے گاڑیاں پھنسیں، ریسٹ ہاؤسز کو کھول دیا جائے گا، ریسکیو اہلکار امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، اے سی اور ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں کنٹرول روم قائم کردیا۔ انتظامیہ کو تمام وسائل فراہم کیے جارہے ہیں۔

حسان خاور نے کہا مری میں پھنسے سیاحوں کیلئے سامان بھیج دیا، کوشش کررہے ہیں خوراک اور فیول کی کمی نہ ہو۔ مری میں ریسٹ ہاؤسز کو کھول دیا جائے گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے جوان بھی امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، ٹریفک کو ایک حد تک جانے کے بعد روک دیا گیا ہے۔ ہمارے اندازے سے بڑھ کر برفباری ہوئی ہے۔

ترجمان پنجاب حکومت نے کہا سیاست کا نہیں ریلیف فراہم کرنے کا وقت ہے، مدد نہ مانگنے پر ریسکیو نہ ہونے پر انکوائری کرائی جائے گی، وزیر اعلیٰ پنجاب کو لمحہ بہ لمحہ رپورٹ پیش کی جا رہی ہے۔