Thursday, April 18, 2024

پنجاب حکومت نے چیئرمین فیڈمک ظفر اقبال کو عہدے سے فارغ کر دیا

پنجاب حکومت نے چیئرمین فیڈمک ظفر اقبال کو عہدے سے فارغ کر دیا
August 8, 2022 ویب ڈیسک

فیصل آباد (92 نیوز) - فرح گوگی پلاٹ الاٹمنٹ کی انکوائری کا معاملہ فیڈمک کو بھاری پڑنے لگا۔ پنجاب حکومت نے چیئرمین فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی ظفراقبال کو عہدے سے فارغ کر دیا۔

اکیس رکنی بورڈ آف ڈائریکٹرز کو بھی تحلیل کر دیا گیا جس سے انڈسٹریل اسٹیٹ بحران سے دوچار ہو گئی۔ نئے حکومتی احکامات سے فیڈمک کے فیصل آباد فیڈمک میں تمام نئے ترقیاتی منصوبوں کو بریک لگ گئی۔ جہاں سرمایہ کار فیڈمک میں پیسہ خرچ کرنے سے گھبرا رہے ہیں وہیں فیڈمک بی او ڈی تحلیل کرنے سے روز مرہ معاملات اور سرمایہ کاری کے معاملات ٹھپ ہو گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فرح گوگی پلاٹ الاٹمنٹ کیس کے بعد فیڈمک کا ادارہ مسائل سے دوچار ہے۔ موجودہ پنجاب حکومت دور میں فیڈمک بورڈ آف ڈائریکٹرز تحلیل ہونے کے علاوہ پلاٹ کیس میں گرفتار دو سابق اعلیٰ افسران بھی ضمانت پر رہا ہو چکے ہیں۔