Wednesday, April 24, 2024

پنجاب میں 25 مئی واقعات پر ایکشن، 12 ایس ایچ اوز معطل

پنجاب میں 25 مئی واقعات پر ایکشن، 12 ایس ایچ اوز معطل
August 11, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - پنجاب حکومت نے 25 مئی کے واقعات میں ملوث پولیس افسروں کے خلاف کارروائی شروع کردی۔  

وزیرداخلہ پنجاب کرنل ریٹائرڈ ہاشم ڈوگر کا کہنا ہے بارہ ایس ایچ اوز معطل کرکے انکوائری کا آغاز کردیا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ لاجز میں چھپے لوگوں کا جلد پنجاب میں استقبال کریں گے، نون لیگ کے جن رہنماؤں کےخلاف درخواستیں ہیں، ان پر قانون اپنا راستہ بنائے گا۔

کرنل (ر) ہاشم ڈوگر نے کہا کہ نوازشریف اور خواجہ آصف کے اداروں کے خلاف بیان سب کے سامنے ہیں۔ اداروں کی طرف سے کہا گیا تو نوازشریف اور دیگر کے خلاف کارروائی کریں گے۔

میڈیا سے گفتگو میں وزیرداخلہ پنجاب نے کہا معطل کیے گئے ایس ایچ اوز کے نام جلد منظر عام پر آ جائیں گے۔

دوسری جانب متعدد پولیس افسران کے تقرروتبادلے بھی کر دئیے گئے، ڈی آئی جی کیپٹن ریٹائرڈ سہیل چودھری کو پنجاب سے ریلیو کردیا گیا جو 25 مئی کو ڈی آئی جی آپریشنز لاہور تعینات تھے۔

کامران عادل کو ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کے عہدے سے ہٹا کر ڈی آئی جی لیگل تعینات کر دیا گیا۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور کی ذمہ داریاں اطہر اسماعیل کے سپرد کر دی گئیں، آر پی او گوجرانوالہ بھی تبدیل کر دئیے گئے، ڈاکٹر عابد کو ہٹا کر منیر مسعود مارتھ کو آر پی گوجرانوالہ تعینات کیا گیا ہے۔