لاہور (92 نیوز) - پنجاب اور امریکی ریاست کیلیفورنیا کو سسٹر اسٹیٹ قرار دینے کے معاہدے پر اہم پیشرفت سامنے آگئی، کیلیفورنیا قانون ساز اسمبلی کی آپراپری ایشن کمیٹی کے سربراہ کریس آر ہولڈن نے پنجاب اور کیلیفورنیا کوسسٹر ریاستیں قرار دینے کیلئے مراسلہ بھجوا دیا۔
پنجاب اور کیلیفورنیا کے درمیان سسٹر اسٹیٹ ریلیشن شپ معاہدے میں اہم پیش رفت، پنجاب حکومت کے وفد کو معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کیلئے کیلیفورنیا کے دورے کی دعوت دیدی۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کی زیر صدارت اجلاس میں معاہدے کے حوالے سے امور کا جائزہ لیا گیا۔ سابق وفاقی سیکرٹری اور چیئرمین پی اینڈ ڈی سلمان غنی نے اجلاس کے شرکا کو معاہدے کی تفصیلات اورجزئیات سے آگاہ کیا۔
چودھری پرویز الہٰی نے پنجاب اور کیلیفورنیا کے درمیان سسٹر سٹیٹ ریلیشن شپ معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کی، انہوں نے کہا معاہدے سے پنجاب اورکیلیفورنیا میں تجارتی، معاشی اور کاروباری تعلقات میں اضافہ ہوگا۔ تعلیم، صحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ماحولیات اور ثقافت کے شعبوں میں تعلقات کو فروغ ملے گا اور باہمی تعلقات مضبوط ہوں گے۔
کیلیفورنیا کی قانون ساز اسمبلی پنجاب اور کیلیفورنیا کے درمیان سسٹرا سٹیٹ ریلیشن شپ معاہدے کی قرارداد منظور کر چکی ہے۔
چودھری پرویز الہٰی نے کہا اگرچہ وفد کو دعوت دی گئی تاہم خوشی ہوگی کہ کیلیفورنیا کا وفد لاہور آ کر معاہدے پر دستخط کرے۔
کریس آر ہولڈن نے کہاانہیں سسٹر اسٹیٹ ریلیشن شپ معاہدے کی باقاعدہ دعوت دینے پربے حد خوشی ہے، امید ہے وزیراعلیٰ کی قیادت میں پنجاب اور کیلیفورنیا کے درمیان معاہدے پر جلد دستخط ہوں گے۔