Monday, May 6, 2024

پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیاں دسمبر میں ہی تحلیل کردیں گے، عمران خان

پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیاں دسمبر میں ہی تحلیل کردیں گے، عمران خان
December 3, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیاں دسمبر میں ہی تحلیل کردیں گے۔

ہفتہ کے روز خیبرپختونخوا اسمبلی کی پارلیمانی پارٹی اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ کل پی ڈی ایم کو سمجھانے کی کوشش کی مگر غلط پیغام چلا گیا، ان سے بات چیت ہو ہی نہیں سکتی۔ مذاکرات کا کہنے کا مقصد یہ تھا کہ 66 فیصد کی بجائے پورے ملک میں الیکشن ہوں۔

عمران خان بولے کہ ملک ڈیفالٹ کی طرف جارہا ہے اور یہ اپنی تجوریاں بھر کر بھاگ جائیں گے۔ آپ کی مقبولیت اتنی ہے کہ عوام میں جاتے ہیں تو چور چور کے نعرے لگتے ہیں۔ الیکشن جب بھی ہوں جیت پی ٹی آئی کی ہی ہوگی۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین نے کہا کہ آج اسحاق ڈار اور مفتاح اسماعیل دونوں ایک دوسرے پر تنقید کررہے ہیں، اصل میں دونوں ہی ٹھیک بات کررہے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ اعظم سواتی کی گرفتاری پرسب کو احتجاج کرنا چاہیے ،انہوں نے کہا کہ انصاف نہ ہوا تو آج جوسلوک اعظم سواتی سے ہورہا ہے کل کوئی بھی اس کا نشانہ بن سکتا ہے۔