Thursday, April 18, 2024

پنجاب اور کےپی میں انتخابات، الیکشن کمیشن نے پیر کو اہم اجلاس طلب کرلیا

پنجاب اور کےپی میں انتخابات، الیکشن کمیشن نے پیر کو اہم اجلاس طلب کرلیا
March 4, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - الیکشن کمیشن نے پنجاب اور کےپی میں انتخابات کی تیاریاں تیز کردیں، پیر کو اہم اجلاس طلب کرلیا۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے عام انتخابات کا شیڈیول تیار کرلیا ہے جسے آئندہ 48 گھنٹوں میں جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

الیکشن کمیشن نے ڈی آر اوز اور آر اوز عدلیہ سے نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ صوبائی الیکشن کمشنر سے ڈی آر اوز اور آر اوز کی فہرست مانگ لی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن آئندہ ہفتے افسران کی ٹریننگ کا آغاز بھی کرے گا۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے انتخابات کے اخراجات کا تخمینہ لگا لیا ہے۔ فنڈز اور سکیورٹی اہلکاروں کی فراہمی کیلئے وزارت خزانہ اور وزارت داخلہ کو خطوط بھی لکھے جائینگے۔

انتخابی شیڈول کا آغاز مارچ کے دوسرے ہفتے سے ہوگا، انتخابی شیڈول کو 54 دن تک رکھا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی منظوری کے بعد شیڈول جاری کیا جائے گا۔

ادھر گورنر کے پی نے تاحال الیکشن کمیشن کا خط نہ پڑھا، حاجی غلام علی کا کہنا ہے خط پرنسپل سیکرٹری کے نام ہے وہی کھول کر آگاہ کریں گے، تجاویز دیکھ کر پیر کو جواب دیں گے۔

شوکت یوسفزئی نے ردعمل دیا کہ گورنر تاریخ نہ دےکر توہین عدالت کررہے ہیں۔