Sunday, September 8, 2024

پنڈی بھٹیاں، موٹروے پر خوفناک ٹریفک حادثہ، 20 افراد لقمہ اجل بن گئے

پنڈی بھٹیاں، موٹروے پر خوفناک ٹریفک حادثہ، 20 افراد لقمہ اجل بن گئے
August 20, 2023 ویب ڈیسک

پنڈی بھٹیاں (92 نیوز) - پنڈی بھٹیاں کے قریب مسافر کوچ کی پک اپ سے ٹکر کے نتیجے میں 20 افراد لقمہ اجل بن گئے۔

پنڈی بھٹیاں کےقریب مسافر بس کو خوفناک حادثہ پیش آیا، کراچی سے اسلام آباد جانے والی بس موٹروے پر پک اپ سے ٹکرائی، جس کے بعد بس میں آگ لگ گئی۔ پک اپ کے اندر ڈیزل کے ڈرم موجود تھے۔ جنہوں نے سب کچھ جلا کر راکھ کردیا۔ متعدد مسافروں کو بچ نکلنے کا موقع ہی نہ ملا۔

ریسکیو اہلکاروں کے مطابق خوفناک حادثے میں 11 افراد زخمی ہوئے، مسافر کوچ سے 15 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ بس ڈرائیور کی غفلت سے پیش آیا۔

ذرائع کے مطابق موٹروے پولیس نے حقائق چھپانے کے لیے ابتدائی تحقیقات میں شارٹ سرکٹ ہونے کی اطلاع دی۔۔آئی جی موٹروے پولیس نے آفیسرزاور بیٹ کمانڈر سمیت تمام فیلڈ افسران کو معطل کر دیا۔۔محکمانہ کارروائی کے لئے انکوائر ی کمیٹی بھی تشکیل دے دی جو 24 گھنٹے میں رپورٹ جمع کروائے گی۔

موٹروے پر پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں زخمی ہونے والے بیشتر افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے، غیرمعیاری پک اپ ڈیزل ٹینک کو موٹروے پر سفر کی اجازت کیسے ملی۔ موٹروے پولیس کی کاکردگی پر سوالیہ نشان اٹھ گئے ہیں۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے پنڈی بھٹیاں بس حادثے پر اظہار افسوس کیا، اپنے بیان میں کہا دکھ کی گھڑی میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ زخمیوں کو ہر ممکن بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں، مستقبل میں اس طرح کے حادثات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔