Friday, April 26, 2024

وزیراعظم احتساب سے بھاگ رہے ہیں : اعتزاز احسن

وزیراعظم احتساب سے بھاگ رہے ہیں : اعتزاز احسن
October 24, 2016
لاہور (92نیوز) سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن نے پانامہ لیکس کے معاملے پر عمران خان کو حق پر قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا اگر پی ٹی آئی رہنماوں کی گرفتاریاں ہوئیں تو پیپلزپارٹی بھی احتجاج میں شامل ہوسکتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے احاطے میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا احتساب کا سلسلہ وزیراعظم سے شروع ہونا چاہیے۔ تمام ادارے وزیراعظم نوازشریف کے تابع ہیں اس لیے کارروائی نہیں ہو رہی۔ وزیراعظم احتساب سے بھاگ رہے ہیں۔ اگر کسی اور کا بیٹا ہوتا تو تمام ادارے فوراً حرکت میں آجاتے۔ سینیٹ میں قائد حزب اختلاف نے کہا پیپلز پارٹی تحریک انصاف کے دھرنے میں شامل نہیں۔ اگر پی ٹی آئی رہنماوں کی گرفتاریاں ہوئیں تو پیپلزپارٹی بھی اس احتجاج میں شامل ہوسکتی ہے۔ اعتزاز احسن کا کہنا تھا سیاسی کارکنوں پر تشدد نہیں ہونا چاہیے۔ پیپلز پارٹی تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران تمام صورتحال پر نظر رکھے گی۔