Friday, April 19, 2024

وزیراعظم کی زیرصدارت گورنر ہاؤس کوئٹہ میں اجلاس

وزیراعظم کی زیرصدارت گورنر ہاؤس کوئٹہ میں اجلاس
October 25, 2016
  کوئٹہ (92نیوز)وزیراعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سانحہ کے  فوری  بعد   کوئٹہ پہنچے انہوں نے پولیس ٹریننگ سنٹر کے زخمیوں کی عیادت کی اور شہدا کی نماز جنازہ  میں  بھی شرکت کی دوسری طرف وزیراعظم کی زیر صدارت  امن و امان کے اجلاس کی اندرونی کہانی نائنٹی ٹو نیوز نے حاصل کر لی جس میں وزیراعظم نے  ناقص سکیورٹی پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ تفصیلات کےمطابق کوئٹہ کے دلخراش واقعہ پر وزیراعظم نوازشریف اپنی تمام مصروفیات منسوخ کرکے کوئٹہ پہنچے اور امن وامان کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت  کی۔ اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار اور مشیر قومی سلامتی ناصرجنجوعہ کے علاوہ دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام بھی شریک ہوئے۔ وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس کی اندرونی کہانی نائنٹی ٹو نیوز نے حاصل کر لی جس میں وزیراعظم نے  ناقص سکیورٹی پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد حملے کے خطرے کی پیشگی اطلاعات موجود تھیں تو اس کی روک تھام کیلئے ٹھوس اقدامات کیوں نہیں کیے گئے، انہوں نے کوئٹہ میں خفیہ کیمروں کی تنصیب میں تاخیر پرغصے کا اظہار کیا۔۔ اجلاس کے بعد وزیر اعظم اور آرمی چیف نے پولیس ٹریننگ سنٹر کے زخمیوں کی عیادت  کی اور شہدا کے نمازِ جنازہ میں شرکت بھی کی۔ پاک فوج کے ترجمان کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نےبھی ٹریننگ سنٹر کا دورہ کیا ۔انہوں نے گزشتہ رات ہونے والے آپریشن میں حصہ لینے والے فوج، پولیس اور ایف سی کے اہلکاروں سے ملاقات کی اور  ان کے عزم و حوصلے کی تعریف کی۔ آرمی چیف نے علاقے کا فضائی جائزہ بھی لیا۔