Thursday, April 25, 2024

پارلیمانی پارٹی اجلاس‘ وزیراعظم نے مشترکہ اعلامیہ کیلئے کمیٹی بنادی

پارلیمانی پارٹی اجلاس‘ وزیراعظم نے مشترکہ اعلامیہ کیلئے کمیٹی بنادی
October 3, 2016
اسلام آباد (92نیوز) وزیراعظم نوازشریف نے پارٹی سربراہوں کے اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ تیار کرنے کےلئے پارلیمانی کمیٹی بنا دی۔ کہتے ہیں ہمسایہ ملک کی جارحیت ہو یا کشمیر کا معاملہ پورا ملک متحدہے۔ پاک وطن کے دفاع کےلئے مل کر آگے بڑھیں گے۔ آج اتحاد کا واضح پیغام جائیگا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت پارلیمانی رہنماوں کا اجلاس ہوا جس میں پاک بھارت کشیدگی‘ لائن آف کنٹرول اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر غور کیا گیا۔ سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے کنٹرول لائن کی صورتحال پر بریفنگ دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ آج کا اجلاس اہم ہے۔ تمام رہنماوں کی آمد پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ سب کی تجاویز قیمتی ہیں۔ ہم نے یکجہتی کا ثبوت دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برہان وانی کی شہادت کے بعد مسئلہ کشمیر فلیش پوائنٹ بن گیا۔ وقت آگیا ہے کہ اقوام عالم مسئلہ کے حل کےلئے کردار ادا کرے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ کشمیر کے معاملے پر پوری قوم متحد ہے۔ اجلاس سے ملک کی سیاسی قیادت کی جانب سے واضح پیغام جائے گا۔ انہوں نے اجلاس کے مشترکہ اعلامیے کی تیاری کےلئے تمام جماعتوں پرمشتمل کمیٹی بنا دی۔ کمیٹی میں شیریںمزاری‘ شیری رحمان‘ خالد مقبول صدیقی‘ احسن اقبال اور اسحاق ڈار شامل ہیں۔ اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری‘ خورشید شاہ‘ اعتزاز احسن‘ نوید قمر‘ فرحت اللہ بابر‘ حنا ربانی‘ شیریں رحمان‘ مولانا فضل الرحمان‘ محمود خان اچکزئی‘ سینیٹر میر حاصل بزنجو‘ شاہ محمود قریشی‘ شیریں مزاری‘ ڈاکٹر فاروق ستار‘ غلام احمد بلور اور وفاقی وزراءبھی شریک ہوئے۔