Friday, March 29, 2024

پلاننگ ڈویژن کی بھونگ انٹرچینج کی تعمیر کیلئے 100 ملین کے فنڈز کی منظوری

پلاننگ ڈویژن کی بھونگ انٹرچینج کی تعمیر کیلئے 100 ملین کے فنڈز کی منظوری
January 20, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - پلاننگ ڈویژن نے بھونگ انٹرچینج کی تعمیر کیلئے 100 ملین کے فنڈز کی منظوری دیدی۔

جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ نے بھونگ انٹرچینج کی تعمیر سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ وزارت پلاننگ نے انٹر چینج تعمیر پراگرس رپورٹ عدالت میں پیش کی تو وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ بھونگ انٹرچینج تعمیر کیلئے مناسب فنڈز جاری نہیں کیے گئے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ پلاننگ ڈویژن نے انٹرچینج کی تعمیر کیلئے 100 ملین کے فنڈز کی منظوری دیدی ہے۔ عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو تحریری رپورٹ طریقہ کار کے مطابق جمع کرانے کا حکم دیدیا۔

جسٹس منیب اختر نے درخواست گزار کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا اصل ایشو تو حل ہو گیا ہے۔ آپ کہہ رہے تھے کہ انٹر چینج غلط جگہ بن رہا ہے۔ آپ کی داد رسی ہو گئی ہے۔ بھونگ موٹروے انٹر چینج کی تعمیر کے فنڈز بھی جاری ہوگئے ہیں۔ عدالت نے درخواست گزار کو این ایچ اے کے جواب کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت کردی۔

سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں درخواست گزار سردار رئیس منیر نے کہا حکومت پاکستان نے انٹر چینج کی تعیر کیلئے 100 ملین فنڈز جاری کیے ہیں۔ سپریم کورٹ کے فیصلہ سے جلد انٹرچینج تعمیر ہوگا۔