Saturday, May 4, 2024

عمران خان کو کسی بیرونی سازش کی ضرورت نہیں، شاہد خاقان عباسی

عمران خان کو کسی بیرونی سازش کی ضرورت نہیں، شاہد خاقان عباسی
April 1, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - رہنما ن لیگ شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے عمران خان کو کسی بیرونی سازش کی ضرورت نہیں۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ چھ وزیر بدلنے کے باوجود نہ ایک انچ گیس لائن بچھی نہ ایک بھی ٹرمینل لگا۔ سی این جی بھی بند کر دی گئی ہے، کوئی گیس نہیں ہے۔ دنیا میں سستی ترین گیس بک رہی تھی کوئی معاہدہ نہیں ہوا۔ چھبیس ہزار کروڑ روپیے کا قرضہ عوام نے ادا کرنا ہے۔ مارچ اپریل دیکھ لیں جون جولائی میں کیا ہو گا۔ حکمرانوں نے چار سال جھوٹ بولنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔ ہم دوہزار اٹھارہ میں سستی ترین بجلی بنانے والے اور سستی ترین ایل این جی والے ملک تھے۔ یہ مسائل کا پہاڑ پاکستان مسلم لیگ ن عبور کرے گی۔

سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران سے بہتر پاکستان کے دشمنوں کے لئے کوئی نہیں ہے۔عمران کے خط کی حقیقت سامنے آگئی ہے۔ اپنے ہی سفیر نے خط لکھا ہے۔ امریکہ کی جانب سے اس کی تردید اور وضاحت بھی آچکی ہے۔ ایسی کمیٹی کا اجلاس بلایا گیا ہے جو سپیکر کی زیر صدارت ہے جس میں اول روز سے نہیں جاتے۔ وزیراعظم عمران خان ہوں یا شہباز شریف، ان کو دھمکی ملک کو دھمکی ہے۔ اس حوالے سے پارلیمنٹ کا اجلاس بلایا جائے اور وہاں اس کو زیر بحث لایا جائے، مکمل ساتھ دیں گے۔ پہلے یہ تو بتائیں کس ملک نے دھمکی دی۔ نیشنل سیکورٹی کمیٹی نے نام تک تو لیا نہیں۔ عمران کے دو دن رہ گئے ہیں، بہتر ہے گھر ہی رہیں۔

 رہنما ن لیگ شاہد خاقان عباسی بولے بمپر کراپ کہاں گئی ، گندم، کھاد، چینی ہم درآمد کر رہے ہیں۔ جھوٹ بولنے کے لئے بھی عقل کی ضرورت ہوتی ہے جو اس حکومت کے پاس نہیں ہے۔ لوکل باڈیز الیکشن میں اس حکومت نے کروڑوں روپے خرچ کئے، اس وجہ سے وہاں حکومت جیتی۔