Friday, March 29, 2024

پہلا ویمن ٹی ٹوئنٹی، آئرلینڈ کی پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست

پہلا ویمن ٹی ٹوئنٹی، آئرلینڈ کی پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست
November 12, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - پاکستان کے دورے پر آئی آئرلینڈ ویمن ٹیم نے فتح کا مزہ چکھ لیا، پہلے ٹی ٹونٹی میں آئرلینڈ نے پاکستان کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔

ہفتہ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی کپتان بسمعہ معروف نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔

قومی ٹیم کا آغاز مایوس کُن رہا، پہلے ہی اوور کی تیسری گیند پر اوپنر منیبہ علی بغیر کو رن بنائے آؤٹ ہوگئیں، اوپنر جوریہ خان بھی 4 رنز بناکر چلتی بنیں، کپتان بسمعہ معروف 17 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔

مڈل آرڈر بلے باز ندا ڈار کے 61 رنز کی بدولت قومی ٹیم مہمان آئرلینڈ کو 136 رنز کا ہدف دینے میں کامیاب ہوئی۔ عالیہ ریاض 24 اور عائشہ نسیم 11 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔

آئرلینڈ کی جانب سے اورلا پرینڈرگاسٹ نے 3 جبکہ آرلین کیلی اور لورا ڈیلانی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں، گرین شرٹس کا 136 رنز کا ہدف مہمان ٹیم نے انیسویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، گیبی لیوس 69 اور اورلا پرینڈرگاسٹ 39 رنز بناکر نمایاں بلے باز رہیں۔

پاکستان کی جانب سے ندا ڈار، نشرا سندھو اور غلام فاطمہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

آئرلینڈ کی جانب سے جانب سے آل راؤنڈ کارکردگی کی بناء پر اورلا پرینڈرگاسٹ کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔