Friday, April 26, 2024

پہلا ویمن ون ڈے، سدرہ امین کی کیرئیر بیسٹ اننگز کی بدولت پاکستان کی آئرلینڈ کو 128 رنز سے شکست

پہلا ویمن ون ڈے، سدرہ امین کی کیرئیر بیسٹ اننگز کی بدولت پاکستان کی آئرلینڈ کو 128 رنز سے شکست
November 4, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - پاکستان نے سدرہ امین کے کیرئیر بیسٹ 176 رنز کی بدولت آئرلینڈ کو پہلے ون ڈے میں 128 رنز سے شکست دیکر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔

کپتان قومی ٹیم بسمہ نے ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، دونوں اوپنرز منیبہ اور سدرہ نے پہلی وکٹ کے لیے ریکارڈ 221 رنز جوڑے۔ انہوں نے اس سے قبل 158 رنز کے اوپنگ ریکارڈ کو توڑا جو اس سال کے شروع میں سری لنکا کے خلاف بنایا گیا تھا۔

منیبہ نے اپنی پہلی سنچری اننگز کے 33 ویں اوور میں 108 گیندوں پر مکمل کی۔ وہ 114 گیندوں پر 107 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئیں، جس میں 10 چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔

سدرہ کو عالیہ ریاض نے جوائن کیا، دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے 67 گیندوں پر 97 رنز بنائے۔ عالیہ 28 گیندوں پر 29 رنز بنانے کے بعد واپس لوٹ گئیں، جس میں دو چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ ڈیبیو کرنے والی صدف شمس چھ گیندوں پر 3 رنز پر ارلین کیلی کے ہاتھوں بولڈ ہو گئیں۔

سدرہ نے پاکستان کا سب سے زیادہ انفرادی سکور 176 بنایا، ان کی ناقابل شکست اننگز میں 20 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا جو 151 گیندوں پر بنائے، ان کی بدولٹ قومی ٹٰیم کا سکور 50 اوورز میں 335 رنز پر پہنچا۔ اس سے قبل پاکستان کا آئرلینڈ ہی کے خلاف 280 رنز ہائی سکور کا ریکارڈ تھا۔

جواب میں جیت کے لیے 336 رنز کے بڑے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے مہمان ٹیم آخری اوور میں 207 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ آئرلینڈ کی کپتان لورا ڈیلانی نے سب سے زیادہ اسکور کیا، انہوں نے 92 گیندوں پر 69 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے آف اسپنر ندا ڈار 34 رنز کے عوض تین وکٹیں لینے والی سب سے کامیاب بولر رہیں۔ فاطمہ ثنا اور نشرا سندھو نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ فاسٹ باؤلنگ آل راؤنڈر عالیہ اور کائنات امتیاز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

سدرہ کو شاندار سنچری پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان دوسرا ون ڈے اتوار 6 نومبر کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔