Thursday, May 2, 2024

پہلا ون ڈے، پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی

پہلا ون ڈے، پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی
January 10, 2023 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - پاکستان نے نیوزی لینڈ کو پہلے ایک روزہ میچ میں شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی بھی برتری حاصل کرلی۔ پاکستان نے 256 رنز کا ہدف باآسانی پورا کرلیا۔ 5 وکٹ لینے پر نسیم شاہ مین آف دی میچ قرار پائے۔

کراچی میں کھیلا گیا پہلا ایک روزہ میچ پاکستان کے نام رہا، تین میچوں کی سیریز میں بھی ایک، صفر کی برتری حاصل کرلی۔

بابراعظم نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو کھیلنے کی دعوت دی، نسیم شاہ نے پہلے ہی اوور میں ڈیوڈے کانوے کو بولڈ کردیا، کیویز کی دوسری وکٹ 37 پر گری جب فن ایلن29  رنز بناکر محمد وسیم کا نشانہ بن گئے۔ کپتان کین ولیمسن بھی69  کے مجموعی اسکور پر پہلا میچ کھیلنے والے نوجوان اسپنر اسامہ میر کے ہاتھوں26  رنز بناکر بولڈ ہوگئے۔

نیوزی لینڈ کی طرف سے سب سے زیادہ 43 رنزمائیکل پریسویل نے اسکور کیےجبکہ ٹام لیتھم 42 اور ڈیرل مچل 36 رنر بناکر آوٹ ہوئے۔ مقررہ 50 اوورز میں کیویز بلے بازوں نے 9 وکٹوں پر 255 رنز بنائے۔

پاکستان کی طرف سے نسیم شاہ نے 57 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ اسامہ میر نے 2 محمد وسیم اور نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں پاکستان نے 256 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر گیارہ بالز پہلے باآسانی حاصل کرلیا، امام الحق 11، فخر زمان 56، کپتان بابر اعظم 66 اور حارث سہیل 32 رنز بناکر آوٹ ہوئے جبکہ محمد رضوان 77 اور آغا سلمان 13 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔

شاندار باؤلنگ پرفارمنس پر نسیم شاہ میچ کے بہرتین کھلاڑی قرار پائے۔