Friday, April 26, 2024

پشاور سے کراچی آنیوالی رحمن بابا ٹرین ڈی ریل، ٹرینوں کی آمدورفت متاثر

پشاور سے کراچی آنیوالی رحمن بابا ٹرین ڈی ریل، ٹرینوں کی آمدورفت متاثر
May 13, 2022 ویب ڈیسک

پشاور (92 نیوز) - پشاور سے کراچی آنے والی رحمن بابا ٹرین ڈی ریل ہوگئی، حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا لیکن ٹرینوں کی آمدورفت متاثر ہوگئی ہے۔ حادثہ تیز رفتاری کے دوران ایمرجنسی بریک لگانے کی وجہ سے پیش آیا۔

پشاور سے کراچی آنے والی رحمن بابا ایکسپریس حیدرآباد کے قریب بولاری کے مقام پر حادثے کا شکار ہوگئی۔ ٹرین کا انجن سمیت پانچ بوگیاں ڈائون ٹریک پرپٹری سے اترگئیں۔

ترجمان ریلوے کے مطابق خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت معطل کردی گئی ہے۔ حادثے کے فوری بعد ریلوے افسران، ایمبولینسز اور ایدھی رضاکاروں کی بڑی تعداد پہنچ گئی۔

ترجمان ریلوے کا کہنا ہےکہ ڈائون ٹریک پر ٹرینوں کو کوٹری میں روک دیا گیا ہے جبکہ اپ سائیڈ کی تمام ٹرینیں اپنی منزل مقصود پر رواں دواں ہیں۔

ترجمان کے مطابق ڈاؤن ٹرین کو 45 اپ پاکستان ایکسپریس گزرنے کے بعد سنگل لائن ورکنگ کرکے کراچی کی طرف روانہ کردیا جائیگا۔