Monday, May 6, 2024

لیڈی ریڈنگ ہسپتال کو مالی اور انتظامی خود مختاری مل گئی

لیڈی ریڈنگ ہسپتال کو مالی اور انتظامی خود مختاری مل گئی
November 9, 2016

 پشاور(92نیوز)خیبر پختونخوا کے سب سے بڑے لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے مالی اور انتظامی معاملات میں حکومتی عمل دخل ختم کر دیا گیا ہے، ایم ٹی آئی ایکٹ کے نفاذ کے بعد ہسپتال کو انتظامی و مالی خود مختاری مل گئی ہے، ہسپتال میں جلد سی ایم ایچ طرز کا آئی سی یو اور فارمیسی بھی کھولی جا رہی ہے ۔

تفصیلات کےمطابق خیبرپختونخوا کے سب سے بڑے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں رواں سال یکم جنوری سے 31 اکتوبر تک 19 لاکھ 70 ہزار مریضوں کا علاج کیا گیا، مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر نئے شعبوں کے قیام کے ساتھ ساتھ پہلے سے موجود نظام کو عوام دوست بنانے کے لئے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے، ہسپتال میں سی ایم ایچ طرز کا آئی سی یو اور فارمیسی بھی کھولی جارہی ہے، پہلے ہسپتال میں 10 فیصد ادویات ملتی تھیں اب یہ 100 فیصد مل رہی ہیں، اب اگر نرس کوئی مریض کو دوائی باہر سے لانے کو کہے تو اس کو ملازمت سے برخاست کردیا جائیگا۔ ہسپتال میں مریضوں اور ان کے تیمارداروں کی سہولت کے لئے رہنماء بورڈز بھی آویزاں کر دئیے گئے ہیں جبکہ مزید رہنمائی کے لئے ریسیپشنسٹ کی تعیناتی بھی عمل میں لائی گئی ہے۔ ایل آر ایچ انتظامیہ کے مطابق نئے ایکٹ کے تحت تمام اہم پوسٹوں پر تعیناتی کا مرحلہ پورا کرلیا گیا ہے جبکہ 800 آسامیوں میں سے 650 پر بھی بھرتیوں کا عمل بھی مکمل کرلیا گیا ہے، مشینوں کی کمی دور کرنے کے ساتھ ہسپتال میں ڈیوٹی اوقات سے قبل جانے والوں کے خلاف باقاعدہ ایکشن لینے کا نظام بھی وضع کرلیا گیا ہے۔