Tuesday, May 7, 2024

چھ دن میں الیکشن کا اعلان نہ ہوا تو پھر اسلام آباد آئیں گے، عمران خان

چھ دن میں الیکشن کا اعلان نہ ہوا تو پھر اسلام آباد آئیں گے، عمران خان
May 28, 2022 ویب ڈیسک

پشاور (92 نیوز) – سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک بچانے کا ٹھیکہ صرف ہم نے نہیں لیا، ادارے بھی ذمہ داری لیں، چھ دن میں الیکشن کا اعلان نہ ہوا تو پھر اسلام آباد آئیں گے۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر احتجاج کا اعلان کردیا، چھ روز میں شفاف الیکشن کا اعلان ورنہ پھر مارچ ہوگا۔ کہتے ہیں سپریم کورٹ جارہے ہیں کہ کیا پرامن احتجاج کا حق ہے یا نہیں؟

عمران خان نے کہا ہم نے کبھی انتشار کی سیاست نہیں کی، جلاؤ گھیراؤ کرنے والے بھی ہمارے لوگ نہیں تھے۔

عمران خان نے کہا انہوں نے 6 ہفتے میں تیل مہنگا کردیا، روپیہ اور اسٹاک مارکیٹ گرگئی، ان سے فیصلے نہیں ہو پا رہے۔

عمران خان نے کہا سانحہ ماڈل ٹاؤن پر سزا ملتی تو ایسا دوبارہ نہ ہوتا، ملک بچانے کا ٹھیکہ صرف ہم نے نہیں لیا، ادارے بھی ذمہ داری لیں، بینظیر ہمیشہ کہتی تھیں پیپلزپارٹی اور ن لیگ کیلئے الگ الگ قوانین ہیں، مان گیا ہوں کہ بینظیر بھٹو ٹھیک کہتی تھیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا عدالتی فیصلے کے بعد جو حکومت نے کیا ہم اس کیلئے تیار ہی نہیں تھے۔ لوگ غصے میں تھے کہ کچھ بھی ہوسکتا تھا۔ اداروں کے خلاف نفرت بڑھ جانی تھی۔ میں نے انتہا پر لے جانے کی بجائے انہیں 6 دن کا وقت دیا۔ اوورسیز پاکستانیوں سے ووٹ کا حق واپس لینے اور نیب قانون کو عدالت میں چیلنج کریں گے۔ الیکشن کا مطالبہ پورا ہوگا تو ہی کسی اور چیز پر مذاکرات ہوسکتے ہیں۔