Saturday, May 18, 2024

پشاور: ڈاکٹروں کی دوسرے روز بھی ہڑتال ، مریض خوار

پشاور: ڈاکٹروں کی دوسرے روز بھی ہڑتال ، مریض خوار
October 7, 2016
پشاور(92نیوز)حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور کے ڈاکٹروں نے ساتھی ڈاکٹرپر قاتلانہ حملے کے خلاف دوسرے دن بھی ہڑتال جاری رکھی ، ڈاکٹروں نے صرف ایمرجنسی سروسز فراہم کیں۔ اوپی ڈی کی بندش کی وجہ سے مریضوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ تفصیلات کےمطابق حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے سینئرڈاکٹر عصمت اللہ پر قاتلانہ حملے کے خلاف ڈاکٹر ز تنظیموں کی کال پر دوسرے دن بھی ہڑتال جاری رہی،ڈاکٹروں کے مطابق وہ اس وقت تک کام دوبارہ شروع نہیں کریں گے جب تک ڈاکٹروں کا مکمل تحفظ یقینی نہیں بنایا جاتا، ڈاکٹروں نے اسپتال کی او پی ڈی اور دیگرشعبے بند کرکے احتجاجی مظاہرہ کیا اوراپنے مطالبات کے حق میں نعرہ بازی کی۔ ڈاکٹروں کی ہڑتال کے باعث دور دراز سے آئے مریضوں کو مایوس لوٹنا پڑا۔ اوپی ڈی کو لگے تالوں اور وارڈز میں ڈاکٹروں کی جانب سے کام سے انکار کی وجہ سے مریضوں کو شدید مشکلات پیش آئیں۔ ڈاکٹروں کے مطابق انہیں مریضوں کی تکالیف کا احساس ہے مگر کچھ احساس حکومت کو بھی کرنا ہوگا۔