Saturday, April 20, 2024

پارلیمنٹ سپریم ادارہ، کوئی اس سے بالاتر نہیں، فواد چودھری

پارلیمنٹ سپریم ادارہ، کوئی اس سے بالاتر نہیں، فواد چودھری
April 9, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کہتے ہیں پارلیمنٹ سپریم ادارہ ہے، کوئی اس سے بالاتر نہیں۔

ہفتہ کے روز میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پوری اپوزیشن آئین شکن ہے، چاہتے ہیں آئین کے مطابق انتخابات ہوں، تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر انتخابات کیلئے لائحہ عمل بنانا چاہیے، ملک اس طرح نہیں چل سکتا۔

فواد چودھری نے کہا کہ سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے معیشت بھی تباہ ہو رہی ہے، ہم الیکشن کی طرف چلے جاتے تو یہ بحران ہی ختم ہو جاتا۔ اپوزیشن کے دوستوں سے آج بات ہوئی ہے، ہر ایک ذہنی طور پر الیکشن کی طرف جانے کے لئے تیار ہے۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ فوج اور عدلیہ کا کام نہیں ہے ہر وقت سیاستدانوں کے مسائل حل کرتے پھریں، اگر مارشل لا لگا تو ذمہ دار بے ضمیر لوگ ہوں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ سیاستدانوں کو اپنے پاؤں سے آگے بڑھ کر سوچنے کی ضرورت ہے، سیاستدان آپس میں مل کر بیٹھیں اور شفاف الیکشن کا فریم ورک طے کریں، یہ سارا ڈرامہ ختم ہو جائے گا، خچروں کا بازار لگا کر کرائسز ختم نہیں ہوتے۔