Friday, May 17, 2024

پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس، قومی احتساب ترمیمی بل اور الیکشن ایکٹ منظور

پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس، قومی احتساب ترمیمی بل اور الیکشن ایکٹ منظور
June 9, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - پارلیمنٹ کے اسپیکر قومی اسمبلی کے زیر صدارت مشترکہ اجلاس میں قومی احتساب ترمیمی بل اور الیکشن ایکٹ منظور کر لیا گیا۔

نئے قانون کے تحت نیب کا گرفتاری کا اختیار ختم  ہو گیا جبکہ کرپشن پر نااہلی5سال ہوگی۔ نیب پانچ سال سے پرانی ٹرانزیکشن پر انکوائری نہیں کرسکے گا، ترمیم کے بعد ثبوت ملزم کی بجائے نیب کو فراہم کرنا ہوگا، سیاستدانوں اور بیوروکریسی کیخلاف بغیر ثبوت کرپشن کیس نہیں بنےگا۔

ترامیم سے پی ٹی آئی،ن لیگ اور پی پی کو ریلیف ملے گا، 1335 ارب مالیت کے 1237 ریفرنسز میں سے 90 فیصد سے زائد کیسز بند یا متعلقہ اتھارٹیز کو منتقل ہو جائیں گے۔ گزشتہ تین چار سالوں میں سیاستدانوں کے خلاف جاری تحقیقات بھی بند ہو جائیں گی۔

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے نیب آرڈیننس 1999 میں ترامیم کا بل  اجلاس میں پیش کیا۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں الیکشن قوانین میں ترامیم کی بھی منظوری دی گئی، ای وی ایم اور اوورسیز ووٹنگ کیلئے الیکشن کمیشن پائلٹ پروجیکٹ کرے،

مجلس شوریٰ نے نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ بل 2022 کی منظوری دے دی، اپوزیشن لیڈر راجا ریاض اور منحرف پی ٹی آئی ارکان اسمبلی قانون سازی کے دوران خاموش رہے۔

پارلیمنٹ کے باہر پی ٹی آئی کی خواتین ارکان نے احتجاج کیا۔ عالیہ حمزہ اور دیگر خواتین قومی اسمبلی کے گیٹ پر چڑھ گئیں، پی ٹی آئی کی خواتین ارکان پارلیمنٹ نے گیٹ کا تالا توڑ ڈالا اور پارلیمنٹ کے اندر داخل ہوگئیں، خواتین ارکان نے وزیراعظم کے خلاف نعرے بازی کی، عالیہ حمزہ کی گرفتاری کے وارنٹ جاری، پولیس وین پہنچ گئی۔