Tuesday, April 23, 2024

پارلیمان سپریم، سپریم کورٹ پارلیمان کا اجلاس بلانے کا حکم کیسے دے سکتی ہے؟ شیریں مزاری

پارلیمان سپریم، سپریم کورٹ پارلیمان کا اجلاس بلانے کا حکم کیسے دے سکتی ہے؟ شیریں مزاری
April 9, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری کہتی ہیں پارلیمان سپریم ہے، سپریم کورٹ پارلیمان کا اجلاس بلانے کا حکم کیسے دے سکتی ہے؟

ہفتہ کو قومی اسمبلی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فرض تھا کم از کم مراسلے کو طلب تو کرتی اور پڑھتی، یہی روایت رہی تو کوئی بھی اٹھ کر اسپیکر کی رولنگ کو عدالت میں چیلنج کردے گا۔

شیریں مزاری نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر عالمی سازش کو ناکام بنانا ہے تو عدم اعتماد کی تحریک کو معطل کردینا چاہیے۔

اُن کا کہنا تھا کہ اتحادی حکومت کے ساتھ ہیں یا نہیں یہ ان سے پوچھیں، شہباز شریف انٹرویوز میں بوکھلائے ہوئے لگ رہے ہیں، شہباز شریف کے بھائی نے آرمی چیف کے بارے میں کیا باتیں کی تھیں، اپنے بھائی کی باتیں کہاں تک دبائیں گے؟ شہباز شریف خدا کا خوف کریں جادو کی باتیں کررہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ہم کسی کو نہیں خرید رہے، پنجاب ہاؤس میں کسی کو بند نہیں کیا، اصل سوال یہ ہے مولانا فضل الرحمان کو کیا مل رہا ہے، مولانا فضل الرحمان کا مقصد ہے کہ پورے سسٹم کو گرا دیں۔ مولانا فضل الرحمان سسٹم سے باہر بیٹھا ہے انکو کچھ نہیں مل رہا، اپوزیشن والے خیالی پلاؤ پکا رہے ہیں پکانے دیں، بوکھلائی ہوئی اپوزیشن اپنی کرپشن بچانا چاہتی ہے۔