Saturday, July 27, 2024

پارلیمان کی قومی سلامتی کمیٹی نے کالعدم ٹی ٹی پی سے مذاکرات جاری رکھنے کا مینڈیٹ دے دیا

پارلیمان کی قومی سلامتی کمیٹی نے کالعدم ٹی ٹی پی سے مذاکرات جاری رکھنے کا مینڈیٹ دے دیا
July 5, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - پارلیمان کی قومی سلامتی کمیٹی کا ان کیمرہ اجلاس ہوا جس میں کالعدم ٹی ٹی پی سے مذاکرات جاری رکھنے کا مینڈیٹ دے دیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پارلیمان کی قومی سلامتی کے اجلاس میں سیاسی و عسکری قیادت نے شرکت کی تاہم وزیر اعلی کے پی محمود خان غیر حاضر رہے۔ وزیراعظم نے ملک کی موجودہ صورتحال سے کمیٹی کو آگاہ کیا جبکہ عسکری قیادت کی جانب سے پارلیمانی کمیٹی کو کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے مذاکرات پر بریفنگ دی گئی، بتایا کہ افغانستان کی حکومت کی سہولت کاری کے ساتھ کالعدم ٹی ٹی پی کے ساتھ بات چیت کا عمل جاری ہے۔

بریفنگ میں بتایا کہ مذاکراتی کمیٹی حکومتی قیادت میں سول اور فوجی نمائندوں پر مشتمل ہے۔ کمیٹی آئین پاکستان کے دائرے میں رہ کر مذاکرات کر رہی ہے، حتمی فیصلہ آئین پاکستان کی روشنی میں پارلیمنٹ کی منظوری، مستقبل کے لیے فراہم کردہ راہنمائی اور اتفاق رائے سے کیا جائے گا۔

عسکری قیادت نے ملک کو داخلی و خارجہ سطح پر لاحق خطرات، پاک افغان سرحد پر انتظامی امور کے بارے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن اور استحکام کے لیے اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گا۔

شرکا نے امید کا اظہار کیا کہ افغانستان کی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا۔