Thursday, April 25, 2024

پارلیمانی پارٹیز کانفرنس آج ہو رہی ہے ‘ شیخ رشید کو دعوت نہ ملی

پارلیمانی پارٹیز کانفرنس آج ہو رہی ہے ‘ شیخ رشید کو دعوت نہ ملی
October 3, 2016
اسلام آباد (92نیوز) ایل او سی پر بھارت کی اشتعال انگیزی اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے پارلیمانی جماعتوں کی کانفرنس آج اسلام آباد میں ہو رہی ہے۔ وزیراعظم نوازشریف صدارت کریں گے۔ حکومت کی جانب سے شیخ رشید کو دعوت نہ دینے پر عمران خان نے احتجاج کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی‘ تحریک انصاف، ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی سمیت تمام چھوٹی بڑی جماعتیں پارلیمانی کانفرنس میں شرکت کریں گی سوائے شیخ رشید کی عوامی مسلم لیگ کے۔ عمران خان نے شیخ رشید کو کانفرنس میں مدعو نہ کرنے پر شدید احتجاج کیا ہے۔ اپنی ٹویٹ میں کپتان کا کہنا ہے کہ حکومت کشمیر کے معاملے پر اتفاق رائے پیدا کرنا چاہتی ہے تو شیخ رشید کو بھی کانفرنس میں بلائے۔ جب پارلیمنٹ میں واحدنمائندگی رکھنے والی دیگر جماعتوں کو مدعو کیا گیا ہے تو شیخ رشید کو کیوں نہیں؟ کہیں شیخ رشید کی تقریر پر تو اعتراض نہیں؟ قومی اسمبلی کی اٹھارہ میں سے سترہ جماعتیں کانفرنس میں شرکت کر رہی ہیں۔ ایسے میں وزیراعظم بھی بڑے دل کا مظاہرہ کریں۔ سیاسی رنجشیں‘ سیاسی اختلافات ایک طرف رکھیں اور شیخ رشید کو کانفرنس میں شرکت کی دعوت دیں۔ وزیراعظم صاحب ہم دشمن کو اپنے اندرونی اختلافات پر بات کرنے کا موقع کیوں دیں۔ ہم اسے ایک بھرپور پیغام کیوں نہ دیں کہ قومی سلامتی اور کشمیر کے معاملے پر ہم سب ایک ہیں۔ دشمن کسی غلط فہمی میں رہے۔ وزیراعظم صاحب آپ بخوبی جانتے ہیں ملک نازک دور سے گزر رہا ہے۔ دشمن کھلے عام دھمکیاں دے رہا ہے۔ درپردہ سازشیں اور تخریبی منصوبے بنا رہا ہے۔ کنڑول لائن کا محاذ گرم ہے۔ تحریک انصاف لاکھ اختلافات کے باوجود قومی سلامتی کے معاملے پر آپ کے ساتھ ہے۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو پہلی بار پارلیمانی جماعتوں کی کانفرنس میں شرکت کر رہے ہیں جس سے کانفرنس کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔