Thursday, March 28, 2024

سیاستدانوں نے کرکٹرز کے پش اپس لگانے پر اعتراض لگا دیا

سیاستدانوں نے کرکٹرز کے پش اپس لگانے پر اعتراض لگا دیا
October 26, 2016
اسلام آباد (92نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی میچ جیت کر پش اپس کیوں لگاتے ہیں۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں حکومتی ارکان نے عجیب وغریب اعتراض کر دیا۔ کہتے ہیں جیت پر پش اپس کر کے کس کو پیغام دیا جاتا ہے۔ لگتا ہے سیاستدانوں نے عوام کے سارے مسائل حل کر ڈالے ہیں اور ملک میں دودھ شہد کی نہریں بہہ رہی ہیں اسی لئے فارغ بیٹھے بیٹھے تنگ آ گئے تو قومی کرکٹ ٹیم پر تنقید کا خیال سوجھا اور عجیب و غریب اعتراض کر دیا کہ کھلاڑی آخر پش اپس کیوں لگاتے ہیں۔ ملک کے اس اہم اور نازک مسئلے کی جانب توجہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کے اجلاس میں حکومتی ارکان نے دلائی۔ معزز ارکان کو پش اپس میں جانے کیا سازش نظر آئی کہ کرکٹ بورڈ سے شکوہ کر ڈالا۔ حکومتی رکن رانا محمد افضل خان نے سوال کیا کہ بتایا جائے مصباح الحق اور دیگر کھلاڑی جیت پر پش اپس کر کے کس کو پیغام دے رہے تھے۔ جیتے تو پش اپس اور ہارے تو خاموشی۔ آخر چکر کیا ہے۔ جبکہ دوسرے رکن چودھری نذیر احمد نے تجویز دے دی کہ پش اپس کرنے کی بجائے کھلاڑی کامیابی پر نوافل ادا کرتے تو زیادہ بہتر ہوتا۔ حکومتی ارکان کے اعتراضات پر چئیرمین پی سی بی ایگزیکٹوکمیٹی نجم سیٹھی نے قصہ ہی تمام کر دیا اور بتایا کہ کھلاڑیوں کو پش اپس لگانے سے روک دیا گیا ہے۔ پہلی بار مصباح الحق نے سنچری بنانے پر اپنی فٹنس دکھانے کےلئے پش اپس لگائے۔ پھر کپتان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے یہ سلسلہ شروع ہو گیا۔ آرمی ٹیم کے ساتھ تربیت کے باعث کھلاڑیوں نے ایسا کیا۔ ادھر سابق مایہ ناز سپنر عبدالقادر نے قائمہ کمیٹی کی کارروائی کو افسوس ناک قرار دیا۔ سیاستدانوں کو چاہیے کہ وہ غیرضرروی معاملات میں الجھنے کی بجائے سنجیدگی سے عوامی مسائل حل کرنے کےلئے اقدامات کریں۔