Saturday, May 18, 2024

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں کشمیر میں بھارتی بربریت کے خلاف متفقہ قرار داد منظور

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں  کشمیر میں بھارتی بربریت کے خلاف متفقہ قرار داد منظور
October 7, 2016
  اسلام آباد(92نیوز)پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں کشمیریوں کی حمایت اور بھارتی  بربریت  کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظورمنظور کر لی گئی اور کہا گیا کہ  یہ ایوان کنڑول لائن پر جارحیت ،سرجیکل سٹرائیک اڑی حملہ کے بھارتی دعوے کو مسترد اور کلبھوشن یادیو کا معاملہ اقوام متحدہ میں لے جانے کا مطالبہ کرتاہے۔ تفصیلات کےمطابق پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے قرارداد پیش کی ،قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے ظلم وستم کی مذمت کرتاہے جس کے نتیجے میں 110 سے زائد شہید اور 12 ہزار ز زخمی ہوئے جبکہ پیلٹ گن سے  150 افراد مستقل نابینا ہو چکے ہیں ۔ ایوان کشمیریوں کے حق خودارادیت اور جدوجہد کی حمایت  کرتا ہے ۔انسانی حقوق کے سیاسی کارکنوں کو قیدکرنے کی مذمت اور بھارتی حکومت سے رہائی کا مطالبہ  کرتا ہے۔ ایوان کشمیر کے اٹوٹ انگ کہنے اور  اڑی حملے میں  پاکستان  کے ملوث ہونے کے بھارتی   دعوے کو مستردکرتا ہے۔ قرارداد میں بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے معاملےکو اقوام متحدہ  میں لے جانے کا بھی مطالبہ  کیا گیا۔ارکان پارلیمنٹ نے بھارت کی طرف سے پانی کو ہتھیار کے طو رپر استعمال کرنے کی  بھی مذمت  کی اور پاک فوج کی جانب سے  بھارتی جارحیت کے منہ توڑ  جواب دینے کو سراہا۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ عالمی برادری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خو د ارادیت دیا جائے۔ پاکستان بھارت سے بامقصد مذاکرات کے لئے تیارہے۔ اجلاس کے دوران اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا کہ کاش اس اہم موقع پر وزیراعظم بھی موجود ہوتے۔ شاہ صاحب کی بات پر پیپلز پارٹی ارکان نے شیم شیم کے نعرے لگائے ۔سینیٹر اعتزاز احسن  نے مشترکہ اجلاس میں دلچسپ اور انوکھا اعلان کردیا  کہتے ہیں کہ جس دن وزیراعظم کے منہ سے کلبھوشن یادیو کا نام نکلا بلائینڈ ایسو سی ایشن کو 50ہزار روپے دوں گا۔ اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا گیا۔