Saturday, April 27, 2024

پاناما لیکس اور پنڈورا پیپرز کے بعد کریڈٹ سوئس بینک کے 18 ہزار اکاؤنٹ لیک

پاناما لیکس اور پنڈورا پیپرز کے بعد کریڈٹ سوئس بینک کے 18 ہزار اکاؤنٹ لیک
February 21, 2022 ویب ڈیسک

برن (92 نیوز) پاناما لیکس اور پنڈورا پیپرز کے بعد کریڈٹ سوئس بینک کے 18ہزار اکاؤنٹ میں پڑے 100 ارب ڈالر سے زائد کے کھاتے کھل گئے۔ بڑے بڑے سیاستدان، جرائم پیشہ افراد، جاسوس، آمروں، سوئس بینکوں میں رکھا اربوں ڈالر کا کالا دھن بے نقاب ہوگیا۔

قازقستان کے صدر جومارت توکائف ، اردن کے شاہ عبداللہ ،سابق مصری آمر حسنی مبارک، فلپائن کے آمر مارکوس اور دیگر کے خفیہ کھاتے بھی منظر عام پر آگئے۔

سوئس بینکوں میں چھپے 18ہزار سے زائد اکاؤنٹس میں پڑے 100 ارب ڈالر سے زائد کے کھاتے کھل گئے۔

آرگنائزڈ کرائم اینڈ کرپشن رپورٹنگ پراجیکٹ نے ایک اور مالیاتی اسکینڈل کاپردہ چاک کردیا ، اس میں ذاتی، مشترکہ اور کارپوریٹ اکاؤنٹس کے ساتھ ساتھ 1940 کی دہائی میں کھولے گئے اکاؤنٹس بھی شامل ہیں، ان اکاؤنٹس میں موجود رقوم کی مالیت پاکستانی روپے میں 17  ہزار 600  ارب روپے بنتی ہے۔ کریڈٹ سوئس اکاؤنٹس کو منی لانڈرنگ یا منشیات کی اسمگلنگ جیسے سنگین جرائم میں ملوث کھاتہ داروں کے ذریعے استعمال کیا گیا۔

قازقستان کے صدر نے 1998 میں بطوروزیرخارجہ 10 لاکھ ڈالرسوئس اکاؤنٹ میں جمع کرائے جبکہ قازقستان کے صدر نے برٹش ورجن آئی لینڈزمیں آف شورکمپنیاں بنائیں، یہ اثاثے 50 لاکھ ڈالر کے تھے۔ امریکا اور روس میں 77 لاکھ ڈالرز کے اپارٹمنٹس بھی خریدے۔

مصر کے سابق انٹیلی جنس چیف عمر سلیمان کی تقریبا 65 کروڑ سے زائدرقم سوئس بینکوں میں موجود ہے۔

مالیاتی اسکینڈل سوئس سیکریٹس کے مطابق زمبابوے کے سابق صدر رابرٹ موگابے کے مخالفین کو کچلنے کیلئے ایک بینک نے 10 کروڑ ڈالرز کی رقم دی۔

وینزویلا کے سابق صدر ہیوگو شاویز کے سابق ڈپٹی وزیر توانائی کےتقریباً 10  کروڑ ڈالر سوئس بینکوں میں موجود ہیں۔
آرمینیا کے سابق صدر آرمن سرکیسیان کی مختلف اکاؤنٹس میں ساڑھے3 کروڑ ڈالر سے زائد رقم موجود ہے۔

ہانگ کانگ اسٹاک ایکسچینج کے سابق چیئر مین آنجہانی رونالڈو لی فوک شیو کے 26.3 ملین فرانک سوئس بینکوں میں موجود ہیں۔

مصر کے سابق صدر حسنی مبارک کے بیٹوں علاء اور جمال مبارک کےاکاؤنٹس کی مالیت 196 ملین ڈالر تھی۔

اردن کے شاہ عبداللہ دوم کے چھ اکاؤنٹس تھے، جن میں سے ایک کا بیلنس 224ملین ڈالر سے زیادہ تھا۔ اردن کی انٹیلی جنس ایجنسی کے سربراہ سعد خیر نے 21.6 ملین ڈالر کا اکاؤنٹ کھلوایا۔

یوکرائن کے سابق صدر پاولو لازیرنکو کے اکاؤنٹ کی مالیت 200 ملین ڈالر ہے۔