Friday, April 26, 2024

پاکستانی سیاسی قیادت کا سخت ردعمل، امریکی صدر سے غیر ذمہ دارانہ بیان فوری واپس لینے کا مطالبہ

پاکستانی سیاسی قیادت کا سخت ردعمل، امریکی صدر سے غیر ذمہ دارانہ بیان فوری واپس لینے کا مطالبہ
October 15, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - پاکستانی سیاسی قیادت نے سخت ردعمل دیتے ہوئے امریکی صدر سے غیر ذمہ دارانہ بیان فوری واپس لینے کا مطالبہ کردیا۔

وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر کا کہنا ہے امریکی صدر کا بیان بےبنیاد ہے، چند دن کے مہمان بائیڈن نے غیرذمہ دارانہ بیان سیاسی فائدے کیلئے دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جن شکوک و شبہات کا اظہار کیا گیا وہ بالکل بےبنیاد اور غلط ہیں، پاکستان کے ایٹمی پروگرام کا کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم بالکل محفوظ ہے، عالمی ایجنسیاں بھی اسکی تصدیق کرچکی ہیں۔

رہنماء پی ٹی آئی فواد چودھری کا کہنا ہے پہلے سعودی عرب کے بارے میں ہرزہ سرائی اب پاکستان پر غیر ذمہ دارانہ بیان، لگتا ہے صدر بائیڈن امریکی عوام میں گرتی ہوئی ساکھ سے توجہ ہٹانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بائیڈن بیان فوری واپس لیں۔

پی ٹی آئی رہنماء اسد عمر نے لکھا شیشے کے گھروں میں مقیم ممالک کو دوسروں کی جانب پتھر اُچھالنے سے پہلے سوچنا چاہئے۔