Sunday, September 8, 2024

پاکستانی قوم اندرونی معاملات میں کسی قسم کی بیرونی مداخلت نہیں چاہتی، شاہ محمود

پاکستانی قوم اندرونی معاملات میں کسی قسم کی بیرونی مداخلت نہیں چاہتی، شاہ محمود
April 5, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمودقریشی کہتے ہیں قوم نہیں چاہتی کہ ہمارے اندرونی معاملات میں کسی قسم کی بیرونی مداخلت ہو۔

منگل کے روز اپنے بیان میں اُنہوں نے کہا کہ پاکستان ایک آزاد اور خود مختار ملک ہے، میں نہیں سمجھتا کہ کسی ملک کو ہمارے داخلی معاملات میں مداخلت کرنی چاہیے۔ پاکستان کی نیشنل سکیورٹی کمیٹی کہہ رہی ہے کہ بیرونی مداخلت نامناسب ہے، ہم نے دفتر خارجہ میں سفارت کار کو بلا کر "ڈی مارش" کیا۔

شاہ محمود قریشی بولے کہ آج روس نے بھی واضح بیان دیا ہے، ترکی پاکستان کا دوست برادر ملک ہے جس نے ہر مشکل وقت میں ہمارا ساتھ دیا، واشنگٹن میں بھی اپنے سفیر کے ذریعے احتجاج ریکارڈ کرایا۔

اُن کا کہنا تھا کہ ترک وزیرخارجہ نے فون کر کے کہا پاکستان میں صورتحال کو بغور دیکھ رہے ہیں۔ ترک وزیرخارجہ نے کہا پاکستان کی بہتری چاہتے ہیں۔ اسی طرح کے بیانات چین کی جانب سے بھی آئے۔

مخدوم شاہ محمود نے مزید کہا کہ ملک ہیجانی کیفیت سے دوچار ہے، آج میں وزیر اعظم کے ہمراہ لاہور روانہ ہو رہا ہوں۔